کورونا کے سبب تھامس ابیر کپ ملتوی

   

کوپن ہیگن، 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ڈبلیو ایف تھامس ابیر کپ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کو کورونا وائرس کے خطرے کے سبب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 16 سے 24 مئی تک منعقد ہونا تھا اور اسے اب 15 سے 23 اگست تک منعقد کیا جائے گا۔بیڈمنٹن ڈنمارک نے ہفتہ کو ایک پریس ریلیز میں یہ جانکاری دی۔ بیڈمنٹن ڈنمارک، عالمی بیڈمنٹن فیڈریشن (ب? ڈبلیوایف)، اسپورٹس ایوینٹس ڈنمارک اور دیگرنے ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ اجتماعی طور پر لیا ہے۔اس سے پہلے بی ڈبلیو ایف نے کورونا وائرس کے خطرے کے سبب پانچ اور ٹورنامنٹ جمعہ کو معطل کر دیے تھے۔ بی ڈبلیو ایف نے ایک ہفتے پہلے اپنے تمام ٹورنامنٹ 12 اپریل تک معطل کر دیے تھے۔ بی ڈبلیو ایف نے ایک بیان میں بتایا کہ پانچ اور ٹورنامنٹوں کو معطل کیا گیا ہے۔ معطل ٹورنامنٹوں میں تین کانٹی نینٹل چمپئن شپ شامل ہیں جو اولمپک کوالیفکیشن کے لئے آخری موقع ہیں۔ بیڈمنٹن کے لئے درجہ بندی کی مدت 26 اپریل ہے۔معطل ٹورنامنٹوں میں ایستونیائی انٹرنیشنل (اپریل 16-19)، پیرو انٹرنیشنل (اپریل 16-19)، یورپی چمپئن شپ (اپریل 21-26)، بیڈمنٹن ایشیا چمپئن شپ (اپریل 21-26) اور پین ایم انڈیویزئل چمپئن شپ (اپریل 23-26) شامل ہیں۔یہ تمام پانچ ٹورنامنٹ ٹوکیو اولمپک کی کوالیفائنگ مدت میں کھیلے جانے تھے لیکن اب یہ اولمپک کوالیفائنگ میں کوئی اہم کردار ادا نہیں کر پائیں گے کیونکہ یہ کوالیفکیشن ونڈو سے باہر رہیں گے۔ بی ڈبلیو ایف اولمپک کوالیفکیشن مدت کے متعلق بعد میں اعلان کرے گا۔