کورونا کے سبب کل ہند صنعتی نمائش کا انعقاد ممکن نہیں

   

دوسری لہر کے آغاز سے سوسائٹی کو مایوسی، اسٹال ہولڈرس کی رقومات کی واپسی
حیدرآباد: کورونا وباء نے مسلسل دوسرے سال تلنگانہ عوام کو کل ہند صنعتی نمائش سے محروم کردیا ہے۔ کورونا کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے نمائش سوسائٹی نے جنوری میں شروع ہونے والی نمائش کو آئندہ کیلئے ملتوی کیا تھا ، سوسائٹی کو امید تھی کہ جون تک کورونا کیسیس میں کمی واقع ہوگی اور جولائی میں نمائش کا اہتمام کیا جاسکے گا۔ سوسائٹی نے جاریہ سال کے لئے نمائش کی منسوخی کے بجائے التواء کا اعلان کیا تاکہ دوبارہ انعقاد عمل میں لایا جاسکے۔ سوسائٹی کی 17 رکنی مینجنگ کمیٹی کے سربراہ وزیر صحت ای راجندر ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سوسائٹی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسٹال ہولڈرس سے حاصل کردہ ڈپازٹ کی رقم واپس کردیں۔ سوسائٹی کے ذرائع کے مطابق کورونا کیسیس میں اضافہ کے سبب نمائش کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ اس کے علاوہ نمائش میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے تاجرین کو بھی موجودہ حالات میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ ہندوستان کی تقریباً 20 ریاستوں سے تاجرین نمائش میں شرکت کرتے ہیں۔ اسٹال ہولڈرس جنہوں نے ڈپازٹ کی رقم جمع کرائی ہے ، وہ نمائش کے آغاز میں تاخیر سے مایوس ہوچکے ہیں۔ نمائش سوسائٹی نے 23 ایکر اراضی پر 2400 اسٹالس کی منظوری دی تھی لیکن کورونا وباء نے سوسائٹی کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ مینجنگ کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق اسٹال ہولڈرس کو ڈپازٹ کی رقم واپس کی جارہی ہے۔ ہر سال یکم جنوری تا 15 فروری کل ہند صنعتی نمائش کا انعقاد عمل میں آتا ہے۔