انسانی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کیخلاف چیف منسٹر کو انتباہ ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی
حیدرآباد : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی و ینکٹ ریڈی نے باپ بیٹے کے سی آر اور کے ٹی آر کو ڈرامہ بازی بند کرتے ہوئے فوری کورونا کے مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے آج ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ اسمبلی کو گواہ بنا کر چیف منسر نے آروگیہ شری اسکیم میں کورونا کے علاج کو شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک اس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ عوام کی زندگی سے کھلواڑ کرنے کا چیف منسٹر کو حق نہیں ہے۔ کورونا کے قہر سے ریاست میں بڑے پیمانے پر اموات ہورہی ہیں مگر چیف منسٹر عوام کی صحت پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ کورونا ٹاسک فورس کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے بیٹے کو نامزد کیا ہے مگر سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ٹیوٹر پر عوام کے ٹی آر کو کورونا کا علاج آروگیہ شری میں شامل کرنے کیلئے جھنجھوڑ رہے ہیں جس کا صحیح جواب دینے میں کے ٹی آر ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی ہے۔ صرف معاملہ کو چیف منسٹر سے رجوع کردینے کا تذکرہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے اصل موضوع سے راہ فرار اختیار کی ہے۔ اس مسئلہ پر دونوں باپ بیٹے ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ خاندانی راج سے انحراف کرتے ہوئے عوام کی صحت پر توجہ دینے کا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مشورہ دیا۔ کورونا سے پریشان غریب عوام کا مفت علاج کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کورونا کے علاج کو آروگیہ شری میں شامل کرنے میں ناکام رہنے والے کے سی آر کو چیف منسٹر کے عہدے پر فائز رہنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے چیف منسٹر سے استفسار کیا کہ وہ عوام کیلئے اقتدار پر ہے یا اپنے ارکان خاندان کیلئے اس کی وضاحت کریں۔