کورونا کے قہر سے نمٹنے مثبت اقدامات کی ضرورت

   

Ferty9 Clinic

ایٹالہ راجندر سے چیف منسٹر کا برتاؤ نامناسب، ظہیرآباد میں کانگریس قائد وائی نروتم کا تاثر

ظہیرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے رکن وائی نروتم نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ریاست تلنگانہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث سنگین بحران کا شکار ہے، چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے سابق وزیر صحت ایٹالہ راجندر سے وزارت صحت کا قلمدان چھین لینے اور ان پر اسمبلی کی نشست سے بھی مستعفی ہوجانے کے لئے دباؤ ڈالنے کا اقدام صریحاً کینہ پرور لگتا ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ دونوں مل کر ریاست کو کورونا وائرس سے نجات دلانے کے لئے مثبت اقدامات کرتے اور ریاست تلنگانہ کو سارے ملک میں مثالی ریاست کا درجہ دلانے کے لئے کام کرتے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کو اگر یہ کامل یقین تھا کہ ایٹالہ راجندر بدعنوانی میں ملوث ہیں تو انھیں چاہئے تھا کہ ایٹالہ کے ساتھ ساتھ اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کے بشمول دیگر وزراء جو بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں کیخلاف بھی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لاتے۔ انھوں نے یاد دلایا کہ ریاستی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی جانب سے چیف منسٹر کے الزامات کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدام کو یکسر غلط قرار دینا اس بات کی غمازی ہے کہ چیف منسٹر کا اقدام کینہ پرور ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایٹالہ راجندر کے خلاف کئے گئے اقدام کو مخالف ایس ٹی، ایس سی، اور بی سی قرار دینا بھی غلط ہے۔ انھوں نے کہاکہ انصاف سب کے ساتھ مساویانہ ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ اب جبکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ وزارت صحت کے لئے ایک نئے وزیر کا تقرر عمل میں لائے اور وباء سے نمٹنے کے لئے مثبت اقدامات کرے۔ اس موقع پر دیگر قائدین محمد یوسف، سریکانت اور دوسرے موجود تھے۔