حیدرآباد ۔ /5 اپریل (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ نے یہ اعلان کیا کہ ریاست کے مختلف دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ کورونا وائرس مریضوں اور مشتبہ افراد کے علاج میں ریاست کے کئی ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ رات دن اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کی سکیورٹی کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ انہوں نے ڈاکٹرس کو یہ مشور ہ دیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن اور کمشنریٹ حدود سے وابستہ پولیس عہدیداروں کے سات ملکر ایک واٹس ایپ گروپ قائم کریں تاکہ فی الفور اطلاع فراہم کرنے میں آسانی ہوسکے ۔ مہندر ریڈی نے کہا کہ ریاستی پولیس ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ سے مکمل طور پر تعاون کرنے کے خواہاں ہیں اور ان کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ حالیہ دنوں دواخانہ میں متوفی مریض کے رشتہ داروں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کے بعد انہوں نے رچہ کونڈہ ، سائبر آباد اور حیدرآباد میں ڈاکٹرس اور پولیس عہدیداروں کے واٹس ایپ گروپ قائم کئے ہیں اور اس میں روزانہ کی اساس پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے اور عنقریب اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔
