کورونا کے مریضوں کی مدد کیلئے گاندھی بھون میں 3 ایمبولینس گاڑیوں کا انتظام

   

50 کیلو میٹر حدود میں مفت خدمات، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے افتتاح کیا

حیدرآباد۔ کورونا کے مریضوں کی مدد کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے 3 ایمبولینس گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون میں ایمبولنس گاڑیوں کی خدمات کا افتتاح کرتے ہوئے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ رکن اسمبلی سنگاریڈی جگا ریڈی نے ان ایمبولینس گاڑیوں کا انتظام کیا ہے جو گاندھی بھون میں کورونا مریضوں کی مدد کیلئے دستیاب رہیں گی۔ حیدرآباد سے 50 کیلو میٹر کے حدود میں یہ ایمبولینس گاڑیاں خدمات انجام دیں گی۔ ایمبولینس کے حصول کیلئے گاندھی بھون کے ہیلپ ڈیسک نمبر 040-24601254 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ ایمبولینس گاڑیوں کی روانگی کے موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا کے علاوہ رکن اسمبلی جگا ریڈی کی دختر جیہ ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر کورونا کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدرکانگریس سونیا گاندھی نے ملک بھر میں کورونا مریضوں کی مدد کی ہدایت دی ہے۔ راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر ریاست کے تمام اضلاع میں کورونا مریضوں کی مدد کیلئے امدادی کام انجام دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی منتقلی میں ایمبولینس گاڑیوں کی قلت کا سامنا ہے اور من مانی فیس وصول کرنے کی شکایات ملی ہیں لہذا کانگریس پارٹی نے 3 ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعہ کورونا مریضوں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ خانگی ایمبولینس گاڑیوں پر کنٹرول کریں اور ان کیلئے مریضوں کی منتقلی کے چارجس کا تعین کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں کے فقدان کے سبب اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں حکومتوں کی جانب سے خانگی دواخانوں میں کورونا کے مریضوں کے مفت علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں بھی کورونا کے مریضوں کیلئے مفت علاج کی سہولت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں کورونا کے علاوہ بلیک فنگس کے علاج کو آروگیہ شری کے تحت شامل کیا ہے جس کے ذریعہ غریبوں کا مفت علاج کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کورونا کیسس کے بارے میں حقائق کی پردہ پوشی کررہی ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کورونا کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت کے ساتھ کارپوریٹ ہاسپٹلس کی من مانی پر روک لگانی چاہیئے۔