ویکسین کی تیاری میں امریکی اداروں سے اشتراک، ہندوستانی نژاد ڈاکٹرس کے سمٹ سے نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد۔5۔ جنوری (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کووڈ کے نئے ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے حکومت اور عوام کی سطح پر سخت چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کی دو کووڈ لہروں کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جانا چاہئے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے امریکہ میں ہندوستانی نژاد ڈاکٹرس کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ یہ ہندوستان کے اقدار کے نمائندے ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ 15 ویں گلوبل ہیلت سمٹ کیلئے آن لائین پیام روانہ کیا ۔ ہندوستانی نژاد فزیشنس پر مشتمل امریکن اسوسی ایشن نے اس سمٹ کا اہتمام کیا تھا۔ نائب صدر جمہوریہ نے نیتی آیوگ کی جانب سے صحت کے شعبہ میں بیسٹ پرفارمنس کیلئے تلنگانہ ریاست کو تیسرا مقام دیئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کووڈ سے نمٹنے میں تلنگانہ حکومت کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے کووڈ پروٹوکول جیسے ماسک ، سماجی دوری ، ٹیکہ اندازی اور دیگر احتیاطی تدابیر کو ا ختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے 15 تا 18 سال عمر کے بچوں میں ٹیکہ اندازی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد اپنے بچوں کی ٹیکہ اندازی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کے بارے میں عوام میں پائے جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے تاکہ ہندوستان متحدہ طور پر کورونا وباء کا مقابلہ کرسکے۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستانی نژاد ڈاکٹرس دنیا کے ہر حصہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ہندوستانی اور امریکی اداروں کے درمیان صحت کے شعبہ میں اشتراک کا حوالہ دیتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ حال ہی میں کورونا کی دو نئی ویکسین Corbevax اور Covovax کی تیاری میں دونوں ممالک کے اداروں میں جو پیشرفت کی ہے، وہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ دنیا بھر کیلئے مددگار ثابت ہوگا ۔ نائب صدر جمہوریہ نے صحت سے متعلق بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں شہری اور دیہی علاقوں کے فرق کو ختم کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ عصری ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ دیہی علاقوں میں عوام کو ہیلت کیر شعبہ میں بہتر خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے اس سلسلہ میں ٹیلی میڈیسن کے طریقہ کار کا حوالہ دیا اور کہا کہ کئی کمپنیوں نے دیہی علاقوں میں اپنی خدمات کو توسیع دی ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے امریکن اسوسی ایشن کی جانب سے کورونا کی دوسری لہر کے دوران پانچ ملین ڈالر فنڈس اکھٹا کرنے اور دیہاتوں کو علاج کی سہولتوںکیلئے اڈاپٹ کرنے کے فیصلہ کی ستائش کی ۔ ر