برلن ۔ جرمنی میں موسم گرما کی چھٹیوں کے اختتام پر کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نئے ضابطے نافذ ہو گئے ہیں۔ ان ضوابط کے تحت جرمنی آنے یا واپس لوٹنے والوں کے لیے کورونا ٹسٹ کو دوبارہ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ بارہ سال سے زائد عمر کے جرمنی میں داخلے کے خواہش مند تمام افراد کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ ثابت کریں کہ ان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کا خطرہ بہت ہی کم ہے۔ اس کے لیے ایسے ہر فرد کو ٹیکہ اندازہ کا ثبوت، کورونا کی بیماری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہونے یا پھر کورونا کا منفی ٹسٹ رزلٹ پیش کرنا ہو گا۔ ماضی میں ایسے ضوابط صرف فضائی مسافروں کے لیے نافذ تھے۔ اب ان کا اطلاق کسی بھی ذریعہ سفر کی مدد سے جرمنی آنے والے مسافروں پر ہو گا۔