کورونا کے پھیلاو میں تیزی ۔ ایک دن میں 352 نئے کیس

,

   

گریٹر حیدرآباد میں 24 گھنٹے میں 302 کیسوں کا ریکارڈ اضافہ ۔ تین اموات کی اطلاع

حیدرآباد 18 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور آج ریاست میں اب تک کے سب سے زیادہ 352 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 302 کیس ہیں۔ تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد دونوں کے حدود میں یہ اب تک کی ریکارڈ تعداد رہی ہے ۔ ریاستی حکومت کی جان سے جاری کردہ ایک بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ آج ایک دن میں ریاست بھر سے جملہ 352 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ تین اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔ ریاست میں جملہ 6,027 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور مہلوکین کی تعداد بھی 195 تک جا پہونچی ہے ۔ آج کے مریضوں میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 302 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ تین کیس جنگاوں سے دو کیس جئے شنکر بھوپال پلی سے چار کیس منچریال سے رنگا ریڈی ضلع سے 17 کیس ورنگل اربن سے تین کیس میدک ‘ نظام آباد اور سنگاریڈی سے دو دو کیس اور کچھ دوسرے اضلاع سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج ایک دن میں جملہ تین اموات بھی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ 230 افراد کو علاج اور صحتیابی کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے اور اب تک جملہ 3,301 افراد صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردئے گئے ہیں۔ مزید 2,531 افراد دواخانوں میں زیر علاج بتائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست میں کورونا وباء پھوٹنے کے بعد سے آج 352 کیس ریاست بھر سے اور گریٹر حیدرآباد سے 302 کیس اب تک کے سب سے زیادہ کیس ہیں۔