کورونا کے پھیلنے کی رفتار تیز ‘ اٹلی جیسی صورتحال کا اندیشہ: بورس جانسن

   

لندن 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم برطانیہ بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے لوگوں کو متاثر کرنے کی رفتار میں تیزی آتی جا رہی ہے ۔ حکومت برطانیہ نے تقریبا 15 لاکھ افراد سے کہا ہے کہ وہ 12 ہفتوں کیلئے گھر ہی میں رہیں۔ یہ ایسے لوگ ہیں جن کے اس وائرس سے متاثر ہونے کے اندیشے بہت زیادہ ہیں۔ جانسن نے یہ انتباہ ایسے وقت میں دیا ہے جب یہ بحث چل رہی ہے کہ آیا سماجی فاصلے بنائے رکھنے کے تعلق سے جو اپیلیں ہو رہی ہیں ان کو عوام سنجیدگی سے لے رہے ہیںیا نہیں۔ اس بات پر بھی مباحث ہو رہے ہیں کہ آیا حکومت کو یہ پابندیاں مزید سختی سے عائد کرنی چاہئیں یا نہیں۔ بورس جانسن نے کہا کہ متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ ہم اٹلی کی طرح کی صورتحال کا شکار ہونے میں کچھ ہی پیچھے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ دو تا تین ہفتوں میں صورتحال اٹلی کی طرح ہی ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں بہت بہترین نگہداشت صحت کا نظام ہے اس کے باوجود ان کے ڈاکٹرس اور نرسیس کی خدمات کم ہی پڑتی جا رہی ہیں۔ انہیں متاثرین پر قابو پانے میں مشکلات پیش آتی جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم جانسن نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جبکہ برطانوی محکمہ صحت نے مہلوکین اور متاثرین کی تعداد میں اضافہ درج کیا ہے ۔ اب تک برطانیہ میں پانچ ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر قرار دئے گئے ہیں۔ دو دن قبل بھی حکومت کی جانب سے اس وائرس سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا ۔ حکومت نے بار ‘ پب اور ریسٹورینٹس بند کردینے کا اعلان کیا تھا ۔ برطانوی حکام کی جانب سے بھی عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اپنے گھروں ہی میں رہیں اور ایک دوسرے کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کی جدوجہد کریں۔