عالمی یوم یوگا کے موقع پر وزیر اعظم مودی کا پیام
نئی دہلی ۔وزیراعظم نریندرمودی نے کورونا کی وبا کے پس منظر میں یوگا کے بڑھتے رول پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ دنیا کو پہلے کے مقابلے میں اب یوگا کی زیادہ ضرورت محسوس کی جانے لگی ہے ،کیونکہ اس سے بیماری سے لڑنے کی قوت مضبوت ہوتی ہے ۔ مودی نے چھٹے بین الاقوامی یوم یوگا پر اپنے پیام میں کہا کہ کورونا جیسی بیماریوں کو مات دینے کے لئے جسم کی قوت مدافعت مضبوط ہونی لازمی ہوتی ہے اور زندگی میں یوگا اپنا کر اس قسم کی بیماریوں کو ہرایا جاسکتا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کوویڈ -19 سانس لینے کے نظام پر زیادہ حملہ کرتا ہے جسے پرانایام یا سانس لینے سے متعلق مشق سے مضبوط کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا،‘‘کورونا وائرس خاص طور پر ہمارے سانس لینے کے نظام پر حملہ کرتا ہے ۔ہمارے سانس لینے کے نظام کو مضبوط بنانے میں جس سے زیادہ مدد ملتی ہے وہ ہے یوگا کی پرانایام یا سانس لینے سے متعلق مشق۔عام طورپر انولوم ویلوم ہی زیادہ مقبول ہیں اور یہ کافی موثر بھی ہیں،لیکن پرانایام کے متعدد اقسام بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوگا اتحاد کی طاقت کے طورپر ابھرا ہے اور وہ نسل ،رنگ،مذہب اور قوموں کی بنیاد پر امتیاز نہیں کرتا ہے ۔ملک بھر میں آج عالمی یوم یوگا منایا گیا جس میں اترپردیش کے کئی مدارس بھی شامل ہیں ۔