کورونا کے پیش نظر رائے دہی کے خصوصی انتظام

   

وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے پوسٹل بیالٹ کی سہولت
حیدرآباد :۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے کوویڈ 19 کے پیش نظر رائے دہی کے لیے خصوصی انتظامات کو اہمیت دی ہے ۔ ایسے شہری جو کوویڈ 19 سے متاثر ہوئے انہیں پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رائے دہی کا موقع فراہم کیا جارہا ہے ۔ آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کردئیے گئے ۔ ایسے شہری جنہیں یکم نومبر کے بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوگی اور وہ متاثر ہوئے ہیں وہ شہری پوسٹل بیالٹ سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ 80 سال سے زائد عمر والے شہری معذورین کو بھی پوسٹل بیالٹ کے زمرے میں رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور یہ رعایت گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی حد تک جی ایچ ایم سی حدود تک محدود رہے گی ۔ ان مذکورہ زمروں میں آنے والے شہری جو کوویڈ 19 سے متاثر ہوئے ہوں یا ان کی عمر 80 سال سے زائد ہو یا پھر کوئی معذور ہو تو ایسے شہریوں کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ tsec.gov.in کے ذریعہ پوسٹل بیالٹ مینجمنٹ موڈیول سے پوسٹل بائیلیٹ کیلئے درخواست آن لائن دینی ہوگی ۔ جسکے بعد متعلقہ ریٹرنگ آفیسر یا ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جانچ کے بعد پوسٹل بیالٹ درخواست گذار کے پتہ پر روانہ کیا جائے گا ۔