کورونا گائیڈ لائنس کی خلاف ورزی پر کانگریس کا گورنر کو مکتوب

   

Ferty9 Clinic

اموات کی تعداد گمراہ کن ، عوامی زندگی کے تحفظ میں حکومت ناکام
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت کی ہیں کہ تلنگانہ حکومت کورونا سے فوت ہونے والوں کے سلسلہ میں انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈلائنس تک عمل کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی نے گورنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ نے اپنی گائیڈ لائنس میں ہدایت دی ہیں کہ کورونا سے فوت ہونے والے افراد کو کورونا کی فہرست میں شامل کیا جائے۔ حکومت کے عہدیدار ہیلت بلیٹن میں کورونا کی اموات کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ سوشیل میڈیا میں مہلوکین کے افراد خاندان کے بیانات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ محکمہ صحت روزانہ صرف 8 تا 10 اموات کا دعویٰ کر رہا ہے جبکہ حقیقت میں صرف حیدرآباد میں تقریباً 50 نعشوں کی آخری رسومات انجام دی جارہی ہیں۔ ای ایس آئی ہاسپٹل کے قریب شمشان گھاٹ میں بیک وقت 30 نعشوں کی آخری رسومات کا ویڈیو وائرل ہوا ہے۔ مرکزی ادارہ کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق کورونا کی علامات کے ساتھ کسی اور مرض سے فوت ہونے والوں کو کورونا کی فہرست میں شامل کیا جانا چاہئے ۔ تلنگانہ حکومت عوام کو گمراہ کرنے کے لئے قواعد کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ حکومت کو ہدایت دیں کہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈلائنس پر عمل کیا جائے۔ اسی دوران این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ نے کورونا اموات کے سلسلہ میں انڈین کونسل اور میڈیکل ریسرچ گائیڈلائنس جاری کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ہلاکتوں کو کم ظاہر کرنے کے لئے گمراہ کن بلیٹن جاری کر رہی ہے۔ گائیڈلائنس میں کہا گیا ہے کہ مریض کو استھما ، قلب ، نمونیا، کینسر اور شوگر جیسے امراض لاحق ہیں اور کورونا علامات کے ساتھ موت واقع ہوتی ہے تو ان کا شمار کورونا کے مہلوکین میں کیا جائے۔ وینکٹ نے الزام عائد کیا کہ حکومت کو عوامی زندگی کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے ۔ ریاستی ہائی کورٹ اور گورنر نے بھی حکومت کے رویہ پر تنقید کی ہے۔
ہری پرساد نے دفاع کے پی آراو کی ذمہ داری سنبھال لی
حیدرآباد۔ ہری پرساد کُنپاریڈی آئی آئی ایس نے وزارت دفاع سکندرآباد میں پی آر او کے طور پر ذمہ داری سنبھال لی۔اس نئے عہدہ کی ذمہ داری سے پہلے وہ حیدرآباد میں پی آئی بی میں ڈپٹی ڈائرکٹر تھے ۔قبل ازیں انہوں نے مختلف میڈیا یونٹس جیسے آل انڈیا ریڈیو،دوردرشن نیوز،ڈائرکٹر فیلڈ پبلسٹی،ڈائرکٹر پبلک ریلیشنس۔نئی دہلی، اسٹیٹ ڈائرکٹر اعلی تعلیم حکومت اے پی میں بھی خدمات انجام دیں تھیں۔