کورٹلہ یکم مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شمس آباد میونسپل ورکرس میں افتخار احمد شریف حال مقیم شکاگو کی جانب سے 260راشن کٹس تقسیم کئے گئے۔شمس آباد میونسپل چیر پرسن کولن سشما مہندر ریڈی نے ورکرس میں راشن کٹس تقسیم کئے۔اس موقع پر انہوں نے اخباری نمائندوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ افتخار احمد شریف امریکہ(شکاگو ) میں رہتے ہوئے شمس آباد کے عوام کے تعلق سے فکر مند ہیں ۔انہوں نے میونسپل ورکرس کیلئے راشن کٹس کا انتظام کیا۔راشن کٹس سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے تقسیم کئے گئے ۔افتخار شریف نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ آج پوری دنیا کورونا وائرس سے پریشان ہے امریکہ جیسے شہر میں 60ہزار سے زائد افراد اس وباء سے فوت ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ہندوستان خاص کر تلنگانہ میں اس وائر س سے نمٹنے کے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اس موقع پر افتخار احمد شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صاف صفائی کا خیال رکھیں۔لاک ڈاون میں گھر میں رہتے ہوئے عبادات میں مصروف رہیں اور مہلک وباء سے مکمل خاتمہ کے لئے دعائیں کریں۔اس موقع پر نیصار احمد‘ رشید احمد ‘پورن چندراریڈی ‘مکیش پٹیل اور دیگر موجود تھے۔