کورٹلہ /27 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چند دنوں سے ہونے والی موسلادھار بارش سے عوامی زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ کورٹلہ کے مختلف محلوں میں پانی سڑکوں پر جمع ہوکر جھیل کا منظر دکھائی دے رہا ہے ۔ کئی محلوں میں پانی گھروں میں داخل ہوجانے سے عوام کا جینا دشوار ہوگیا ہے ۔ بارش سے کورٹلہ کی تمام سڑکیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں ۔ بارش کے سبب موسمی بیماریوں سے پھیلنے والی ٹائفائیڈ ، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے مدنظر مجلس بلدیہ کورٹلہ سے عوام نے اپنے اپنے گھروں کو صاف رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ موسم برسات سے کورٹلہ ٹاون کی ایک خاتون شریمیتی بوسکاری وجیتا 29 کی موت واقع ہوگئی ۔ کورٹلہ کے سڑکوں پر پانی کے جمع ہوجانے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑ رہا ہے ۔ مسٹر کلواکنٹلہ سنجے نے کورٹلہ کے نشیبی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے گھروں میں موجود چھوٹے بچوں میں بیسکٹ کے پیاکٹ تقسیم کئے ۔
کوہیر میں 9 مکانات منہدم
کوہیر /27 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کوہیر منڈل تحصیلدار وجئے کمار نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہیر منڈل میں گذشتہ 8 تا 10 دنوں سے ہو رہی بارش کی وجہ سے 9 مکانات منہدم ہوگئے ہیں ۔ میجر گرام پنچایت کے تحت 3 جہانگیر واڑہ ، سکندر واڑی ، باہر واڑی میں منہدم ہوگئے ہیں اور اس کے علاقہ دیگر مواضعات میں 6 مکانات منہدم ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تفصیلی رپورٹس ضلع کلکٹر کو روانہ کی جارہی ہے ۔ تحصیلدار نے مزید کہا کہ اگرچہ کسی اور کے مکانات منہدم ہوگئے ہوںتو ایسے افراد ایک درخواست آدھار کارڈ کا زیراکس سمیت تحصیل آفیس میں داخل کریں ۔