کورٹلہ میں سڑکوں پر لاکھوں روپے کا ڈھیر !

   

اے ٹی ایم میں توڑ پھوڑ، پولیس کی مستعدی پر سارقین رقم چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور

کورٹلہ ۔15 جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ضلع کے کورٹلہ شہرمیں سڑک پر کرنسی نوٹوں کے ڈھیر دیکھے گئے۔ تقریباً 50 میٹر پر لاکھوں روپے کے کرنسی نوٹ بکھرے پڑے تھے۔ پولیس نے بڑی محنت سے تمام نوٹ اکٹھے کیے اور احتیاط سے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیئے۔ بتایا جاتا ہیکہ یہ سب چوری کا مال تھا۔ تفصیلا ت کے مطابق جگتیال ضلع کے کورٹلہ میں ویملواڑہ روڈ پر واقع ایس بی آئی اے ٹی ایم سے نقدی چوری ہوگئی۔ رات 1 بجے کے قریب بدمعاشوں نے اے ٹی ایم کو توڑ پھوڑ کرتے ہوئے رقم لوٹنے کی کوشش کی انہوں نے رقم تھیلوں میں بھری اور کار میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ جس وقت سارقو ں نے اے ٹی ایم میں توڑ پھوڑ کی اسی وقت۔ حیدرآباد میں واقع ہیڈ آفس کوالارم کے ذریعہ اطلاع پہنچ گئی جس کے بعدبینک کے عملہ نے کورٹلہ پولیس کو 100 نمبر پر اطلاع دیتے ہوئے چوکنا کردیا۔ گشتی پولیس ( بلوکارکوٹس) نے بروقت جواب دیا۔ سارق اے ٹی ایم کے سامنے کھڑی کار میں باکس پیک کر رہے تھے کہ فوری طور پر ایس ایس آئی ستیش اور بلیو کوٹس کاعملہ پہنچ گیا۔ پولیس کے دیکھتے ہی سارق مسروقہ نقدی لے کر کار میں فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے سارقوں کی کار کا پیچھا کیا ، ہنگامہ آرائی میں کرنسی نوٹ سڑک پر گرگئے۔اورسارق نقدی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ بدمعاشوں کی جانب سے سرقہ کیے گئے تقریباً 3 لاکھ روپے کی کرنسی سڑک پر بکھر گئی۔سڑک پر گرنے والی رقم کے بشمول باقی رقم پولیس نے برآمد کر لی۔ اے ٹی ایم میں، 19 لاکھ روپے کی رقم بتائی جاتی ہے۔ چوری اور پولیس کی جانب سے پیچھا کرنے کامنظر وہاں کے سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ٹی ایم سے 19,00,200 رقم پولیس نے برآمد کی ہے۔ سرکاری تفصیلات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔اے ٹی ایم چوری کے ملزمان کی تلاش کے لیے جگتیال ڈی ایس پی آر پرکاش کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جگتیال ضلع میں دیر رات اے ٹی ایم ڈکیتی نے ہنگامہ مچا دیا۔