کورٹلہ ومٹ پلی میں قتل واقعات میں اضافہ تشویشناک

   

عوام میں ڈر اور خوف کا ماحول ، ملزمین کیخلاف سخت کارروائی کرنے ارباب مجاز سے اپیل
کورٹلہ ۔22 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی کورٹلہ خصوصاً کورٹلہ شہر جو امن و شانتی کا گہوارہ تھا اس حلقہ اسمبلی کے عوام گزشتہ کئی سال سے پرامن زندگی گذار رہے تھے آخر کس کی نظر لگ گئی ہے کہ حلقہ اسمبلی کورٹلہ میں ایک ماہ سے قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے دونوں شہروں کورٹلہ ، مٹ پلی میں آئے دن قتل کی وارداتوں سے عوام میں ڈر و خوف کا ماحول پایا جاتا ہے ۔ معمولی معمولی جھگڑوں پر قتل کے واقعات کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ قاتلوں کے دل سے پولیس اور قانون کا خوف نکلتا جارہا ہے ۔ ایک ماہ کے دوران حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے مقامات پر 5 افراد کا بے رحمی کے ساتھ قتل کیا جانا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ قاتلوں کے دل میں نہ ہی قانون کا اور نہ ہی پولیس کا ڈر و خوف ہے ۔ کورٹلہ میں بی جے پی کے لیڈر پروین سنگھ کے قتل کے ساتھ جو سلسلہ شروع ہوا تھا اُس کے بعد محمد عمران ایمبولینس کی نامعلوم لاری کی ٹکر سے موت ، 4 اگسٹ 2023 ء کو مسلم نوجوان محمد سمیر لیاب ٹیکنیشن کا قتل ، 8 اگسٹ 2023 ء کو بی آر ایس پارٹی کے کونسلر کے شوہر لکشمی راجم کا قتل ، ابراہیم پٹنم منڈل کے گدور میں خاتون جو کھیت میں کام کررہی تھی نامعلوم افراد کی جانب سے قتل ، مٹ پلی مستقر کے اندرانگر سے تعلق رکھنے والے کننم ستیش (3) سالہ نوجوان کے قتل کے واقعہ سے حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے عوام میں ڈر و خوف کا ماحول پایا جاتا ہے ۔ افراد خاندان کے گھر سے نکلنے اور گھر واپس آنے تک دیگر افراد خاندان میں یہ خوف پایا جارہا ہے کہ وہ بحفاظت گھر لوٹیں گے یا نہیں ، حلقہ اسمبلی کورٹلہ کی عوام کی جانب سے محکمہ پولیس کے عہدیداروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ حلقہ اسمبلی کورٹلہ میں آئے دن جو قتل کی وارداتیں پیش آرہی ہیں اُس کی روک تھام کیلئے مناسب اقدامات کریں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔