کوریا کو سنسنی خیز فائنل میں شکست ہندوستان کو گولڈ میڈل

   

دبئی۔ بیونس آئرس میں 2018 کے یوتھ اولمپک گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے ہندوستانی تیر انداز آکاش ملک نے ایشیا کپ تیر اندازی اسٹیج 3 میں مردوں کی ریکرو ٹیم کا گولڈ میڈل جیت کر ایک بار پھر ملک کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ پارتھ سالونکھے اور مرینال چوہان ٹیم کے دوسرے ممبر ہیں جنہوں نے فائنل میں جنوبی کوریا کو شکست دی۔ فائنل ایک قریبی مقابلہ تھا جس میں ہندوستان اورکوریا باقاعدہ کھیل میں 4-4 پوائنٹس پر برابر رہے، جس نے میچ کو شوٹ آف میں مجبورکیا۔ شوٹ آف راؤنڈ میں ہندوستانی تیر اندازوں نے کوریا کو1 پوائنٹ سے مات دیکر گولڈ میڈل جیتا۔ شوٹ آف میں فائنل اسکور میں کوریا کا 26 اور ہندوستان کا 27 تھا۔ انفرادی ایونٹ میں آکاش ملک کوارٹر فائنل میں ہار گئے۔ دبئی میں اپنی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے آکاش نے کہا میں بہت خوش ہوں کہ ہم نے ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ پارتھ، مرنل اور میں نے واقعی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر اور اپنی طاقت کے مطابق کھیلے جس کی وجہ ہے کہ ہم نے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے ۔ یہ جیت یقینی طور پر ہماری حوصلہ افزائی کرے گی اور نئی بلندیوں تک پہنچنے اور ہندوستان کو فخرکرنے میں ہماری مدد کرے گی۔