کوریا کی کراچی ایئرپورٹ کے قریب آئی ٹی سینٹر کی تعمیر

   

کراچی : کوریا کے قونصل جنرل یی سنگ ہونے کہا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ کے قریب ایک آئی ٹی سینٹر قائم کر رہے ہیں۔کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کوریا کے قونصل جنرل یی سنگ ہونے کہا ہے کہ کوریا کی حکومت کراچی ایئر پورٹ کے قریب ایک آئی ٹی سینٹر قائم کر رہی ہے، جس کی تکمیل سے نوجوان آئی ٹی اسٹارٹ اپس اس آئی ٹی سینٹر سے منسلک ہوکر کوریا کے ساتھ کام کرنے کے مواقع سے استفادہ کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی اسی نوعیت کے آئی ٹی سینٹر کا تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے، کوریا کی حکومت پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں مدد کرنے کی خواہش مند ہے، پاکستانی نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں تربیت اور تعلیم دینے کے لیے مضبوط پالیسیاں بنانے اور تعلیم و تربیت پر مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔کورین قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشتوں کے حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے کوریا اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم بہت کم نظر آتا ہے، کوریا کی حکومت پاکستانی ورکرز کو کوریا میں کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے، اس لیے ہم نے پاکستانی ورکرز کے لیے زیادہ سے زیادہ کوٹے کو 4000 ورکرز تک بڑھا دیا ہے، کراچی واقعی پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے لیکن لگتا ہے کہ یہ شہر کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے لاہور کے زیر اثر ہے۔ قبل ازیں کے سی سی آئی کے صدر طارق یوسف نے کہا کہ بے پناہ تجارتی اور اقتصادی صلاحیت کے باوجود جنوبی کوریا کو پاکستان کی برآمدات مالی سال 2021-22 میں 206ملین ڈالر کے مقابلے صرف مالی سال 2022-23 میں 197ملین ڈالر رہیں۔