کورے گاؤں کیس :سپریم کورٹ میں ہائیکورٹ آرڈر کالعدم

   

نئی دہلی ۔13 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج بمبئی ہائیکورٹ کا وہ حکمنامہ کالعدم کردیا جس میں کورے گاؤں ۔ بھیما تشدد کیس میں چارج شیٹ داخل کرنے کیلئے مہاراشٹرا پولیس کو 90 روزہ توسیع عطا کرنے سے انکار کیا گیا تھا ۔ تاہم فاضل عدالت نے کہاکہ پانچ انسانی حقوق جہدکار اب چاہے تو اس کیس میں باقاعدہ ضمانت طلب کرسکتے ہیں کیونکہ مہاراشٹرا پولیس پہلے ہی فردِ جرم عائد کرچکی ہے ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی والی بنچ نے قبل ازیں بمبئی ہائیکورٹ کا آرڈر روک دیا تھا جس نے ٹرائیل کورٹ کے اس فیصلے کو کالعدم کیا تھا کہ اس کیس میں اسٹیٹ پولیس کی جانب سے چارج شیٹ داخل کرنے کیلئے وقت میں 90 روز کی توسیع کی جائے ۔ گرفتار شدہ جہدکاروں کا الزام ہے کہ اُنھیں اس کیس میں ضمانت حاصل کرنے کا حق ہے کیونکہ مہاراشٹرا پولیس نے مقررہ 90 یوم کے اندرون چارج شیٹ داخل نہیں کی نیز ٹرائیل کورٹ کی عطا کردہ توسیع بہ اعتبار قانون خراب فیصلہ ہے ۔