منگلورو، 10 جون (یو این آئی) سنگاپور کے جھنڈے والے کنٹینر جہاز ایم وی وان ہائی 503 میں پیر کو کیرالہ کے ساحل کے قریب سمندر میں دھماکے کے بعد آگ لگنے کے بعدعملے کے تمام 18 ارکان کو ہندوستانی کوسٹ گارڈ کی فوری کارروائی سے بحفاظت بچا لیا گیا اور رات دیر گئے منگلورو لایا گیا۔ غور طلب ہے کہ کولمبو سے ممبئی کی نہاوا شیوا بندرگاہ جانے والے کنٹینر جہاز میں صبح سویرے کیرالہ کے بیپور ساحل سے تقریباً 88 ناٹیکل میل دور ایک دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ ہندستانی کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق ہندستانی کوسٹ گارڈ نے واقعے کے بعد بھیجے گئے ایس او ایس پر فوری کارروائی کی اور عملے کے تمام 18 ارکان کو بچا لیا۔ ان میں سے دو شدید زخمی ہیں جبکہ چار کو معمولی زخم آئے ہیں اور باقی عملہ محفوظ ہے ۔ تمام کو نیو منگلور پورٹ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ جہاز، روانگی کے وقت عملے کے 22 ارکان کو لے کر ممبئی جا رہا تھا اور 9 جون کو پہنچنے والا تھا اسی درمیان درمیانی سمندر میں آفت آ گئی۔ دھماکے کی وجہ اور اس کے بعد لگنے والی آگ کی تحقیقات جاری ہیں۔یاد رہے نہاوا شیوا ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا سے بذریعہ کشتی قابل رسائی ہے۔