غیر مجاز بیانرس و پوسٹرس چسپاں کرنے پر دس لاکھ کا جرمانہ
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) کانگریس سے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی قائد کوشک ریڈی پر انفورسمنٹ ‘ ویجلنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے تلنگانہ بھون تک جلوس کے راستوں میں شہرحیدرآباد کے مختلف علاقوں میں غیرمجاز ہورڈنگ ‘ بیانرس‘ جھنڈے لگانے پر 10لاکھ روپئے سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے تحت خدمات انجام دینے والے اس ادارہ کی جانب سے کوشک ریڈی پر بغیر اجازت تشہیری مواد سڑکوں اور راستوں پر لگانے کے علاوہ شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے کے الزامات کے تحت کاروائی کرتے ہوئے مجموعی اعتبار سے 10لاکھ روپئے تک کا جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس جرمانہ کی رقم میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ گذشتہ یوم سے اب تک بھی بلدی عملہ کی جانب سے ان ہورڈنگس اور جھنڈوں کے علاوہ پوسٹرس اور بیانرس کو نکالنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ای وی ڈی ایم کے عہدیداروں نے بتایاکہ شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے اور غیر مجاز تشہیری مواد نصب کئے جانے پر یہ کاروائی کی گئی ہے۔21جولائی کو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں مسٹر کوشک ریڈی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیارکی تھی اور اس شمولیت کے لئے جو جلوس نکالاگیا تھا اس کے گذرنے کے راستوں پر کی گئی سجاوٹ کی سوشل میڈیا پر تشہیر اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اختیار کردہ خاموشی پر تنقیدوں کے آغاز کے ساتھ ہی ای وی ڈی ایم کے عملہ نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ان بیانرس‘ ہورڈنگس‘ پوسٹرس اور جھنڈوں کو ہٹانے کا عمل شروع کیا لیکن سوشل میڈیا پر ای وی ڈی ایم کی جانب سے اس تشہیری مواد کو بغیر کسی کاروائی کے ہٹائے جانے کے متعلق تنقیدوں کے آغاز کے ساتھ مختلف علاقوں میں چالانات کا سلسلہ شروع کردیا گیا اور دو یوم کے دوران 10 لاکھ روپئے تک کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر ایک شوروم کی جانب سے ایک غیر مجاز سائن بورڈ لگائے جانے پر لاکھوں روپئے جرمانہ کا حوالہ دیتے ہوئے ان ہورڈنگس اور جھنڈوں پر کئے گئے جرمانوں کی تفصیل طلب کی جانے لگی ہے جس پر بلدی عہدیداروں نے مطلع کیا ہے کہ اب تک 10لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور جائزہ لینے کے بعد جرمانہ کی قطعی رقم سے واقف کروایا جائے گا۔