40 دن بعد تمیلی سائی سوندرا راجن نے خاموشی توڑی ، حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا دیا مشورہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے حال ہی میں حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لیے کانگریس سے مستعفی ہو کر ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے کوشک ریڈی کو گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی بنانے حکومت کی سفارش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نشست سماجی خدمات انجام دینے والے جہدکاروں کو دی جانی چاہئے ۔ بحیثیت گورنر تلنگانہ اپنی دو سالہ میعاد مکمل کرنے پر تمیلی سائی سوندرا راجن نے آج راج بھون میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ یکم اگست کو کابینہ کے اجلاس میں گورنر کے کوٹہ میں کوشک ریڈی کو ایم ایل سی بنانے کی قرار داد منظور کرتے ہوئے گورنر سے کوشک ریڈی کے نام کی سفارش کی تھی ۔ تقریبا 40 دن گذر جانے کے بعد بھی گورنر نے اس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ گورنر حکومت کے اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہے ۔ آج انہوں نے اس مسئلہ پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو زیر التواء رکھا ہے ۔ بہت جلد اس پر مناسب فیصلہ کریں گی ۔ حکومت کے سفارش کردہ نام کی فائیل پر گورنر نے ابھی تک دستخط نہیں کی ہے ۔ گورنر نے بحیثیت گورنر کی دو سالہ کامیابی کو اپنی آنجہانی ماں کے نام معنون کیا اور کہا کہ وہ 6 ماہ سے لیفٹننٹ گورنر کی بھی ذمہ داری نبھا رہی ہیں ۔ ان کی اپنی کارکردگی میں راج بھون کے اسٹاف کا بھی اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند ، وزیراعظم نریندر مودی ، نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے اظہار تشکر کیا ۔۔ N