بوگوٹا : لاطینی امریکہ کے ملک کولمبیا میں ایک 14 سالہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکن کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برینر ڈیوڈ ہلاک ہونے والے دو افراد میں سے ایک تھے، جن کو ایک دیہی علاقے میں پیٹرولنگ کے دوران ہلاک کیا گیا۔گاؤکا علاقائی سودیشی کونسل (سی آر آئی سی) کا کہنا ہے کہ ناسا نامی مقامی کمیونٹی کے ایک ڈنڈا بردار گروپ کا گشت کے دوران مسلح افراد سے آمنا سامنا ہوا، جنہوں نے فائرنگ کر کے ایک گارڈ اور نوجوان برینر ڈیوڈ کو ہلاک کر دیا۔چودہ سالہ ماحولیاتی کارکن برینر ڈیوڈ کو ’دھرتی ماں کے محافظ‘ کے طور پر جانا جاتا تھا۔سی آر آئی سی کے مطابق حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔اے سی آئی این نامی ایک اور سودیشی کمیونٹی نے حملے کی ذمہ داری باغی تنظیم فارک پر عائد کی ہے جس نے 2016 میں امن معاہدہ مسترد کر دیا تھا۔ اس امن معاہدے کے ذریعے کولمبیا کا تقریباً 60 سالہ تنازع اپنے اختتام کو پہنچا تھا۔