بوگوٹا: کولمبیا کے وزیر خارجہ الوارو لیوا نے پیر کے روز بوگوٹا میں اسرائیلی سفیر سے کہا کہ وہ معافی مانگیں اور ملک سے چلے جائیں۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب اسرائیلی سفارت کار نے کو لمبین صدر گستاو پیٹرو کے ان بیانات کا جواب دیا جس میں انہوں نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ سے متعلق بات کی تھی۔ ’’ ایکس‘‘ پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ پر کولمبیا کے وزیر خارجہ الوارو لیوا نے پیٹرو کے جواب میں سفیر گالی ڈاگان کے بیانات کو ’’پاگل اور بے غیرتی‘‘ قرار دیا۔کولمبیا کے صدر نے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں کو دوسری جنگ عظیم کے دوران نازیوں کے یہودیوں پر ظلم و ستم سے تشبیہ دی۔ یاد رہے اسرائیلی وزیردفاع یوو گیلانٹ کے گزشتہ پیر کو غزہ کی مکمل ناکہ بندی کرنے کے اعلان پر عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے۔