کولمبیا کا منشیات فروشوں سے ضبط کیا گیا سونا غزہ بھیجنے کا اعلان

   

بگوٹا : 16 اکٹوبر ( ایجنسیز ) کولمبیا کے صدر گستا وو پیٹرو نے منشیات کے اسمگلروں سے ضبط کیا گیا سونا فلسطینیوں کی مدد کے لیے غزہ بھیجنے کا اعلان کردیا۔کولمبیا کے صدرنے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ یہ سونا جنگ سے متاثرہ فلسطینی بچوں کے علاج اور غزہ کی تعمیر نو کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ صدرپیٹرو نے اس اقدام کو انسانیت اور عالمی یکجہتی کی مثال قرار دیدیا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ انسانیت کی بنیاد پر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اوراس مشکل گھڑی میں غزہ کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔انہوں نے غزہ کی تعمیر نو اور بحالی کیلیے عالمی فورس بنانے سے متعلق اقوام متحدہ میں قرار داد پیش کرنیکا بھی اعلان کردیا۔ یاد رہیکہ صدر گستاوو پیٹرو فلسطین کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔ وہ ماضی میں بارہا اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تنقید کر چکے ہیں۔کولمبیا نے گزشتہ سال درجنوں زخمی فلسطینی بچوں کو طبی امداد کے لیے بوگوٹا کے اسپتالوں میں علاج کی سہولت بھی فراہم کی تھی۔