تھیروواننت پورم، 7 دسمبر (آئی اے این ایس) کیرالہ کے ضلع کولم میں این ایچ 66 پر میلاکّادو کے قریب زیر تعمیر فلائی اوورکا ایک حصہ گرنے کے بعد آج سے اعلیٰ سطحی تحقیق شروع ہو گئی ہے۔ انکشاف ہوا ہے کہ چار ماہ قبل ماہرین کی جانب سے جاری کئے گئے ایک اہم تکنیکی انتباہ کو نظر اندازکیا گیا تھا۔این ایچ اے آئی کی جانب سے قائم چار رکنی ماہر کمیٹی نے کولم بائی پاس۔کدمبٹّوکنم تک کے حصے کا معائنہ کر کے کمزور مٹی اور تعمیراتی خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کئی مقامات پر مٹی کی مضبوطی کا معیار (ایس پی ٹی) صفر یا ایک تک تھا، جو انتہائی خطرناک ہے اور مٹی کو مضبوط کیے بغیر دیوارگرنے کا خدشہ تھا۔کمیٹی نے مٹی کی مضبوطی اور ساختی بہتری کے اقدامات تجویز کیے تھے، جن پر عمل نہ ہونے کو حادثے کی بڑی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ فلائی اوور کی سائیڈ وال 5 دسمبرکی شام گر گئی تھی، جس سے سروس روڈ پر بڑے گڑھے بن گئے اور کچھ گاڑیاں پھنس گئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا اور مصروف شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوئی۔