آئس کریم صنعت بھی خسارہ کا شکار ، برقی بل میں رعایت پر زور ، علی بن ابراہیم مسقطی کا بیان
حیدرآباد۔13اپریل(سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے سبب آئس کریم کی صنعت کے علاوہ کولڈ اسٹوریج استعمال کرنے والی صنعتوں کو بھاری نقصان اور آئس کریم کی صنعت کو بھی بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جناب علی بن ابراہیم مسقطی منیجنگ ڈائریکٹر مسقطی گروپ نے بتایا کہ کولڈ اسٹوریج میں کئی اشیاء موجود ہیں اور ان کی حفاظت کے لئے لازمی ہے کہ کولڈ اسٹوریج کو کھلا رکھا جائے اور اس کے لئے کافی برقی استعمال ہورہا ہے۔ برقی کی کھپت اور صنعتوں میں موجود عملہ کی تنخواہوں کا اضافی بوجھ عائد ہورہا ہے لیکن اگر حکومت چاہے تو صنعتی اداروں کو کچھ حد تک راحت پہنچا سکتی ہے۔ جناب علی مسقطی نے حکومت سے خواہش کی کہ ریاستی حکومت کی جانب سے صنعتی اداروں کی برقی معاف کرنے کے اعلان کئے جائیں کیونکہ کولڈ اسٹوریج مسلسل چل رہے ہیں اور ان میں موجود سامان کی حفاظت کے لئے ان کولڈ اسٹوریج کو بند بھی نہیں کیا جاسکتا اسی لئے حکومت کو فوری اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اگر صنعتی اداروں کو راحت پہنچانے کے لئے برقی معافی کے اعلان کیا جاتا ہے یا کم از کم 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں صنعتی اداروں کو کافی فائدہ حاصل ہوگا جو کہ راست عوام کو پہنچے گا کیونکہ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کی جانب سے جو ذمہ داری صنعتی اداروں پر عائد کی جا رہی ہے اسے دیکھتے ہوئے یہ راحت بھی فراہم کی جانی چاہئے۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تین ماہ کے برقی بل میں رعایت اور مرکزی حکومت کی جانب سے 5ماہ کے جی ایس ٹی میں رعایت فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں صنعتی اداروں کی جانب سے انجام دی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے اور صنعتی اداروں کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ میں موجود صنعتی اداروں کو جو نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان نقصانات کی پابجائی کے ذریعہ ہی صنعتی اداروں کو تباہ کن صورتحال سے بچایا جاسکتا ہے۔ آئس کریم کی صنعت کے سلسلہ میں کہا جارہاہے کہ تاحال آئس کریم کی صنعت کو 80 فیصد نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ جو اسٹاک تیار ہے وہ فروخت ہونا ممکن نہیں ہے اور اور آئس کریم کی تیاری کیلئے جو اشیاء کمپنیوں میں جمع ہیں انہیں محفوظ رکھنے کیلئے کولڈ اسٹوریج مسلسل چلائے جا رہے ہیں جس کے سبب برقی کی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔