کولکاتا: آئی پی ایل کے ایک دلچسپ میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان گزشتہ روز ایڈن گارڈنز میں جوش و خروش کا غیرمعمولی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کولکاتا ٹیم نے آندرے رسل کی طوفانی اننگز کی بدولت 208/7 اسکور کئے۔ جواب میں حیدرآباد کا اسکور ایک مرحلہ پر 16 اوورز میں صرف 133 رنز تھا۔ آخری چار اووروں میں حیدرآباد کو جیت کیلئے تقریباً 20 کی اوسط سے رنز بنانے تھے۔ پھر بھی ہینرک کلاسن نے ہمت نہیں ہاری اور اکیلے ہی پورے میچ کا رخ موڑ دیا۔ حیدرآباد کو آخری پانچ گیندوں پر صرف سات رنز بنانے تھے لیکن شہباز اور کلاسن آؤٹ ہو گئے۔ کلاسن نے 29 گیندوں پر 8 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے اور قطعی ٹیم اسکور 204/7 ممکن ہوا۔ ایس آر ایچ کیپٹن پیاٹ کمنز نے ٹاس جیتنے کے بعد بولنگ کا انتخاب کیا اور ابتدا میں ان کی ٹیم کے گیند بازوں نے کولکاتا کے بلے بازوں کو پریشان کیا۔ لیکن رسل کے طوفان کی وجہ سے کولکاتا کی ٹیم 208 رنز بنا سکی۔ رسل نے 25 گیندوں میں 64 رنز (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ بعد میں انھوں نے 2/25 کی کارگر بولنگ بھی کی۔ ان کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ قبل ازیں ٹارگت کا تعاقب کرتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد کو اچھی شروعات ملی لیکن بڑا اسکور حاصل کرنے کے دباؤ میں ٹیم مسلسل وکٹیں گنواتی رہی۔ آخر میں کلاسن کی اننگز نے ایس آر ایچ کو امید دلائی تھی لیکن آخر میں انہیں 4 رنز کے معمولی فرق سے شکست ہوگئی۔