کولکاتا کوویکسین کی قلت۔کئی طبی مراکز سے لوگ واپس

   

کولکاتا : کورونا کی تیسری لہر آنے کے اندیشوں کے درمیان کولکاتا میں کورونا ویکسین کی قلت کا سامنا ہے ۔ویکسین کی دوسری خوراک لینے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف طبی مراکز اور ہاسپٹلس میں کوروناویکسین کی دوسری خوراک نہیں ہے ۔کئی مراکز کے باہر لمبی لمبی قطار ہے۔ سورج طلوع ہونے سے قبل سے ہی ویکسین سنٹروں پر قطار لگ جاتی ہیں مگر سنٹر کھلنے کے بعد معلوم ہوتا ہیکہ محض 30سے 40افراد کو ویکسین دیا جائے گا ۔کل ہی کولکاتا کارپوریشن کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اتین گھوش نے کہا تھا کہ کوویکسین کی قلت کی وجہ سے جمعہ کو کوویکسین نہیں دیا جائیگا۔ اس کی وجہ سے ان لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے جنہیں کل کوویکسین کی دوسری خوراک لینی تھی۔ کولکاتا کے وارڈ نمبر 58کے طبی مرکز کے باہر قطار میں کھڑے بھرت ساہا نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے واپس جارہے ہیں کیونکہ ہرروز محدود پیمانے پر کورونا ویکسین دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ جب ٹیکے لگانے کا وقت ختم ہوجائے تو میں کیا کروںگا؟۔