کولکاتہ میں ’آئی۔پیک‘ بانی پرتیک جین کے گھر پر ای ڈی کا دھاوا

,

   

Ferty9 Clinic

ممتا بنرجی کا شدید ردعمل‘ پول اسٹریٹجیس کی چوری کا بی جے پی پر الزام‘ آج احتجاجی مارچ

کولکاتہ ۔8؍جنوری ( ایجنسیز ) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ایک حیران کن پیش رفت کے تحت جمعرات کی دوپہر آئی۔پیک کے بانی پرتیک جین کے لاؤڈن اسٹریٹ میں واقع گھر پر اس وقت پہنچ گئیں، جب وہاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تفتیش جاری تھی۔آئی۔پیک وہ ادارہ ہے جو آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس کی سیاسی حکمتِ عملی طے کرنے میں اہم رول ادا کر رہا ہے ۔تلاشی کی کارروائی صبح سے جاری تھی، تاہم دوپہر تقریباً 12 بجے صورتحال اس وقت بدلنے لگی جب کولکاتا کے پولیس کمشنر منوج ورما موقع پر پہنچے ۔ ان کے پہنچنے کے چند ہی منٹ بعد چیف منسٹر ممتابنرجی بھی وہاں آگئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ممتابنرجی پرتیک جین کے گھر میں داخل ہوئیں اور چند منٹ بعد ہاتھ میں ایک ہرے رنگ کی فائل کے ساتھ باہر نکلیں۔ تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو کولکاتہ میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے جن میں پول اسٹریٹجسٹ ادارے آئی۔پی اے سی (I۔PAC) کا دفتر اور اس کے سینئر عہدیدار پراتیک جین کی رہائش گاہ بھی شامل ہے۔ ای ڈی کی ٹیموں نے شہر بھر میں کم از کم پانچ مقامات پر کارروائی کی ۔کولکاتا میں آئی پیک سے جڑے مقامات پر ای ڈی کی چھاپہ ماری پر ممتا بنرجی نے دستاویزات اٹھانے اور سیاسی انتقام اور سازش کا الزام لگایا جبکہ ای ڈی نے اسے کوئلہ اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کیس کی قانونی تفتیش قرار دیا۔ان چھاپوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے اسے سیاسی انتقام قرار دیا اور الزام لگایا کہ مرکز انتخابات سے قبل ان کی پارٹی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ممتا بنرجی نے کہاکہ کیا ای ڈی اور امیت شاہ کا کام یہ ہے کہ وہ ہماری پارٹی کی ہارڈ ڈسک اور امیدواروں کی فہرستیں ضبط کریں؟ یہ ایک شرمناک حرکت ہے۔ جو وزیر داخلہ ملک کی حفاظت نہیں کر پا رہا وہ میری پارٹی کے دستاویزات اٹھا رہا ہے۔ اگر میں بی جے پی کے دفتر پر چھاپہ ماروں تو کیا ہوگا؟ انتخابات کی وجہ سے یہ لوگ ہماری پارٹی کی اندرونی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کے دوران ممتا بنرجی کے ہاتھ میں ایک سبز فائل دیکھی گئی جو بعد میں بی جے پی کے لیے سیاسی بحث کا موضوع بن گئی۔ بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا کہ چیف منسٹر کچھ چھپا رہی ہیں۔انہوں نے جرم کیا ہے۔ آئی۔پی اے سی ہماری تنظیم ہے۔ ہم ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہیں۔ کیا وہ یہ سب کر سکتے ہیں؟ اگر امیت شاہ بنگال جیتنا چاہتے ہیں تو میدان میں آ کر لڑیں۔ پارٹی کے دفتر پر چھاپے کیوں؟ای ڈی نے سرکاری کام کاج میں رکاوٹ کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹی ایم سی کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ ادھر ٹی ایم سی بھی اس معاملہ میں ہائیکورٹ سے رجوع ہوچکی ہے ۔ پارٹی نے ان دھاوں کے خلاف جمعہ9جنوری کو احتجاجی مارچ کا بھی اعلان کیا ہے۔

مرکز کی جانب سے تحقیقاتی ایجنسیوں کا غلط استعمال : ٹی ایم سی
ای ڈی وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی پالتو ایجنسی، گجرات کی جوڑی بنگال سے خائف، گھٹیا چالوں پر مجبور

نئی دہلی، 8 جنوری (یو این آئی) ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے جمعرات کے روز مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مغربی بنگال میں اپوزیشن کو ڈرانے اور سیاسی عمل میں مداخلت کے لیے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ ٹی ایم سی نے یہ الزام پارٹی لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن ساکیت گوکھلے کے اس دعوے کے بعد لگایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پارٹی کی اندرونی انتخابی تیاریوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے مقصد سے تلاشی لی ہے ۔ گوکھلے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ ای ڈی نے آج صبح ٹی ایم سی کے ممکنہ امیدواروں، انتخابی حکمتِ عملی اور انتخابی مہم کی منصوبہ بندی سے متعلق دستاویزات ضبط کیں۔ اس کارروائی کو سیاسی طور پر محرک قرار دیتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ یہ ایجنسی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اشاروں پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا کہ بنگال میں مودی۔شاہ کی غلیظ چالیں نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں۔ آج صبح وہ اپنی پالتو ایجنسی ای ڈی کا استعمال کر کے ہمارے ممکنہ امیدواروں، ہماری انتخابی حکمتِ عملی اور ہماری مہم کی منصوبہ بندی سے متعلق دستاویزات چرا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اس طرح ریاست میں ٹی ایم سی قیادت کو چیلنج کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر گجرات جم خانہ کی جوڑی یہ سمجھتی ہے کہ وہ ایجنسیوں کا استعمال کر کے ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی سے لڑ سکتی ہے ، تو وہ بہت بڑی غلطی کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگال کے عوام سیاسی طور پر اس کا جواب دیں گے ۔ گوکھلے نے اپنے بیان کے آخر میں نعرہ لکھا ’آبار جیتبے بنگلا‘ (بنگال پھر جیتے گا)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول صدر ممتا بنرجی نے بھی مرکز پر الزام لگایا کہ وہ اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں کے خلاف بار بار مرکزی ایجنسیوں کو تعینات کر کے وفاقیت اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ بنگال سے ڈرتے ہیں اور اسی لیے ای ڈی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ ہم نہیں ڈریں گے ۔ بنگال نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ہے اور آگے بھی کرتا رہے گا۔
انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ ان کی پارٹی کسی بھی سیاسی چیلنج کا سامنا لوگوں کی حمایت سے کرے گی نہ کہ خوف یا طاقت کے بل پر۔