کولکاتہ میں میسی کی آمد پر اسٹیڈیم میں افراتفری‘ بدانتظامی پر شائقین برہم

,

   

ممتا بنرجی نے میسی اور شائقین سے معافی مانگی‘آرگنائزر گرفتار‘ رقم واپس کی جائے گی!
کولکاتہ۔13؍ڈسمبر ( ایجنسیز )کولکاتا پولیس نے ارجنٹائنا کے فٹبالر لیونل میسی کی تقریب میں ہنگامہ اور بدانتظامی معاملہ پر سخت ایکشن لیا ہے۔ ہفتہ کے روز کولکاتا میں واقع سالٹ لیک سٹی میں میسی کی آمد ہوئی تھی لیکن اس میں شدید بدنظمی دیکھنے کو ملی۔ اسٹیڈیم میں موجود فٹ بال شائقین اور میسی کے شیدائیوں نے اس بدنظمی پر اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے زبردست توڑ پھوڑ کی تھی۔ اب اس تعلق سے کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تقریب کے آرگنائزر یعنی منتظم کو گرفتار کر لیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سالٹ لیک اسٹیڈیم میں لیونل میسی چند منٹ ہی رُکے۔ اس سے پہلے کے اسٹیڈیم میں حالات خراب ہوتے وہ نکل گئے۔ اسٹیڈیم میں موجود بیشتر ناظرین کو وہ ٹھیک سے نظر بھی نہیں آئے جس کی وجہ سے وہ ناراض ہو گئے اور میدان میں بوتل پھینکنے شروع کر دیے۔ کئی لوگوں نے تو کرسیاں بھی توڑ دیں اور سینکڑوں کی تعداد میدان میں بھی داخل ہو گئی۔ مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کمار نے اس بارے میں کہا کہ ناظرین میں ایسی ناراضگی یا بے چینی اس خدشہ سے تھی کہ وہ اپنے ہیرو سے ملاقات نہیں کر پائیں گے۔ منصوبہ یہ تھا کہ میسی یہاں آئیں گے ہاتھ ملائیں گے، کچھ خاص لوگوں سے ملاقات کریں گے اور چلے جائیں گے۔ حکومت نے پہلے ہی اسٹیڈیم میں پیدا حالات کی جانچ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ڈی جی پی کا کہنا ہے کہ حالات اب قابو میں ہے اور آرگنائزر بھی تحریری طور پر وعدہ کر رہے ہیں کہ وہ ٹکٹوں کی رقم واپس کریں گے۔ ناظرین نے بتایا کہ ٹکٹ 4000 روپے سے 25000 روپے تک کی قیمت میں فروخت ہوئے تھے۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ ٹکٹوں کی رقم کس طرح اور کب تک واپسی کی جاتی ہے۔اس درمیان مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں بدانتظامی پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔اگر وزیر اعلیٰ کو ہی راستے سے لوٹنا پڑتا ہے تو یہ معاملہ بے حد سنگین ہے۔ گورنر نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے بھی ٹکٹ خریدا تھا ان کو ریفنڈ ملنا چاہیے۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم کو ہوئے نقصان کا ازالہ بھی آرگنائزرس سے ہی کرنا چاہیے۔ اگر کسی پولیس افسر نے لاپروائی کی ہے تو اسے بھی معطل کر دیا جانا چاہیے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ خود مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی میسی کے اعزاز میں اسٹیڈیم پہنچنے کیلئے گھر سے نکلیں، لیکن پہنچ نہیں پائیں۔اس بدانتظامی پر وزیر اعلیٰ نے سخت حیرت کا اظہار کیا اور فٹ بال شیدائیوں سے معافی مانگی۔انھوں نے کہا کہ میں اس بدانتظامی کے لیے لیونل میسی کے ساتھ ساتھ سبھی اسپورٹس شائقین سے دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتی ہوں۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز 11.30 بجے میسی کی کار سالٹ لیک اسٹیڈیم کے میدان میں داخل ہوئی۔ ان کے ساتھ لوئس سواریز اور روڈریگو ڈی پال بھی تھے۔ فٹ بال شائقین کا جوش دیکھ کر میسی انتہائی پُرجوش دکھائی دیے۔ حالانکہ جیسے ہی وہ کار سے اترے کئی لوگوں وی آئی پی لوگوں نے انھیں گھیر لیا۔ میسی کو نہ دیکھ پانے سے ناراض فٹ بال شیدائی ’وی وانٹ میسی‘ کا نعرہ بھی بلند کرنے لگے۔اس درمیان میسی کو دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدنے والے فٹ بال شیدائی اسٹیڈیم میں لگی 3 بڑی اسکرین پر ہی منحصر تھے۔ چیف منسٹرممتا بنرجی، شاہ رخ خان اور سورو گانگولی تک میدان پہنچ نہیں پائے۔