نومولود بچوں کے وارڈ سے وابستہ 10 نرسس بھی سردی بخار کا شکار
کولکتہ ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے دارالحکومت کے ایک دواخانہ میں تنفس کے عارضہ کے علاج کیلئے شریک کئے گئے ایک 10 سالہ لڑکے کے علاوہ نوزائیدہ بچوں کے خصوصی یونٹ سے وابستہ نرسیس کوویڈ۔19 پازیٹیو پائی گئی ہے۔ دیگر 10 نرسیس بخار سے متاثر ہوئی ہیں۔ ایک وارڈ بوائے بھی سردی اور بخار سے متاثر پایا گیا ہے۔ تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہ ہوسکا کہ آیا وہ کوروناوائرس سے متاثر ہیں کیونکہ ان کے لعب کے نمونے معائنوں کیلئے ہنوز جمع نہیں کئے گئے ہیں۔ کاریدروڈ کے ساکن اس 10 سالہ لڑکے کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر جمعرات کو اس دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ اس لڑکے کے والد نے کہا کہ وہ ایک بینک ملازم ہے۔ اس کے خاندان کے چار افراد ہیں اور کسی نے بھی کسی باہر کے مقام کا سفر نہیں کیا تھا اور نہ ہی کسی سے رابطہ میں آئے تھے جس کے باوجود اس بچہ کے متاثر ہونے پر کافی افسوس ہے۔ اس بچہ کے لعب کے نمونے پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ بعدازاں ڈاکٹروں نے اس لڑکے والدین کو ایم آر بنگلور ہاسپٹل لے جانے کا مشورہ دیا تھا۔ اس کی ناک اور حلق کے لعب کے نمونے تاٹا میڈیکل سنٹر راجریات روانہ کئے گئے ہیں۔ ایک 24 سالہ نرس بھی کوروناوائرس سے متاثر پائی گئی ہے۔ وہ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے علاقہ جیبانتلہ کی ساکن ہے۔ یہ نرس ایک چھ سالہ لڑکی کی ماں بتائی گئی ہے۔ وہ آئی سی ایچ کے نومولود بچوں کے وارڈ سے وابستہ ہے جہاں دیگر 10 نرسیس اور ایک وارڈ بوائے بھی سردی بخار سے متاثر پائے گئے ہیں۔
