کولکتہ ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ میں شدید اور موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھس گیا جس کے باعث کئی علاقوں کی زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر میں 186.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی کہ ہفتہ کے سارے دن بارش ہوگی ۔ کئی علاقوں جیسے سنٹرل ایونیو ، کالج اسٹریٹ ، شیکسپیئر سرانی اور بے حالہ میں عوام گھٹنے برابر پانی میں سے گزرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ کلکتہ کے وسطی ، شمال اور جنوب علاقوں میں جگہ جگہ ٹریفک جام دیکھا گیا اور طیاروں کی آمد و رفت متاثر رہی ۔ نیتاجی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایرپورٹ عہدیداروں کے مطابق طیاروں کی لینڈنگ اور اڑان متاثر رہی ۔ سیلڈھا اور ہوڑا کے ایسٹرن ریلوے ٹریفک بھی متاثر رہی ۔