کولکتہ پولیس ، سی بی آئی میں تصادم ، ممتابنرجی کا سڑک پر دھرنا،دستور ی بحران

,

   

مودی اور امیت شاہ پر بغاوت کی کوشش کا الزام، وارنٹ کے بغیر پولیس کمشنر کے گھر آنے کی ہمت کیسے کی، بی جے پی ایک چور پارٹی ، چیف منسٹر مغربی بنگال کا شدید ردعمل

٭ ممتا بنرجی حکومت کے خلاف سپریم کور ٹ سے رجوع ہونے مرکزکا فیصلہ
٭ کمشنر پولیس کیخلاف ثبوت موجود:سی بی آئی

٭ آج سے ریاست گیر احتجاج کرنے ترنمول کانگریس کا اعلان
٭ ’’کچھ تو کرو ‘‘سی بی آئی کو وزیراعظم کا حکم :ممتا

کولکتہ ۔ /3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکز اور ممتابنرجی حکومت کے درمیان شدید جنگ چھڑگئی ہے ۔ چٹ فنڈ اسکام کے سلسلے میں کولکتہ پولیس کمشنر سے پوچھ گچھ کرنے کیلئے جیسے ہی سی بی آئی کی ٹیم ان کے گھر پہونچی اس کے خلاف چیف منسٹر ممتابنرجی نے سڑک پر پہونچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے سی بی آئی سے سوال کیا کہ وارنٹ کے بغیر پولیس کمشنر کے گھر آنے کی تم نے کیسے ہمت کی ۔ میرے عہدیداروں کو بچانا میرا کام ہے ۔ بی جے پی ایک چور پارٹی ہے ہم نہیں ۔ چٹ فنڈ کے نام پر وہ لوگ (مرکز) جو چاہے کرنا چاہتے ہیں ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ سی بی آئی کی کارروائی وزیراعظم کی ہدایت پر کی گئی ہے ۔ مودی کے اشاروں پر سی بی آئی کی یہ کارروائی دستور اور وفاقیت کی روح پر کاری ضرب ہے ۔ مودی حکومت کے ساتھ تصادم کی راہ اختیار کرتے ہوئے شعلہ بیان لیڈر ممتابنرجی نے کمشنر پولیس کی رہائش گاہ کے سامنے والی سڑک پر بیٹھ کر احتجاج کرنا شروع کیا اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کے ہاتھوں ہم اپنے عہدیداروں کی توہین برداشت نہیں کریں گے ۔ سی بی آئی ٹیم کی کولکتہ آمد کے فوری بعد ممتابنرجی نے دھرنا دینا شروع کیا ۔ مرکز اور ریاست کے درمیان سی بی آئی اور پولیس کا یہ تصادم اس وقت شدت اختیار کرگیا جب کولکتہ پولیس نے کمشنر پولیس کے گھر پہونچنے والی سی بی آئی ٹیم کو حراست میں لیکر پولیس اسٹیشن لے گئی ۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل مخالف بی جے پی اتحاد کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے یہ پہلی ڈرامائی کارروائی ہے ۔ کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کے گھر پر پہونچ کر سی بی آئی نے دستک دی اور کہا کہ ہم آپ سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے ہیں ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ آخر سرچ وارنٹ کے بغیر سی بی آئی ٹیم کیسے پوچھ گچھ کرسکتی ہے ۔ ممتابنرجی نے تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ مودی حکومت کو گرانے کیلئے متحد ہوجائیں ۔ ایک سیاسی لیڈر کی جانب سے جبر و تشدد کیا گیا ہے جو ماضی میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ مودی حکومت کے اس رویہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے مرکز سے کہا کہ پولیس کا مسئلہ ریاستی ذمہ داری ہے ۔ تیزتر تبدیلیاں اس وقت شروع ہوئیں جب سی بی آئی کی ٹیم آج دوپہر پولیس کمشنر راجیو کمار کے گھر پہونچی لیکن گھر پر تعینات سنتریوں اور عہدیداروں نے سی بی آئی کی ٹیم کو روک دیا ۔ سی بی آئی جوائنٹ ڈائرکٹر پنکچ سریواستو نے کہا کہ ایجنسی کے عہدیدار چٹ فنڈ اسکام کیس میں راجیو کمار سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے تھے لیکن ہمیں حراست میں لیا گیا اور ہم سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا ۔ سی بی آئی کے مطابق راجیو کمار 1989ء بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر ویسٹ بنگال ہیں جنہوں نے ویسٹ بنگال پولیس کی خصوصی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے چٹ فنڈ اسکام کی جانچ کی تھی ۔ قبل ازیں دن میں سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن نے دعویٰ کیا کہ شاردھا ایروز ویالی پونجی اسکام کیسوں کے سلسلے میں پولیس کمشنر کولکتہ مطلوب اور مفرور تھے ۔ جیسے ہی سی بی آئی ٹیم پولیس کمشنر کے گھر پہونچی کولکتہ پولیس کے عہدیدار وہاں پر پہونچ کر سی بی آئی عہدیداروں سے بحث کرنے لگے اور کمشنر سے پوچھ گچھ کرنے کیلئے مطلوب دستاویزات طلب کئے ۔ بعد ازاں سی بی آئی ٹیم کو پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ۔ چیف منسٹر ممتابنرجی کو جیسے ہی یہ بات معلوم ہوئی وہ سیدھے کمشنر پولیس کے گھر پہونچے اور گھر کے سامنے سڑک پر دھرنا دینا شروع کیا ۔ ترنمول کانگر یس پارٹی کے ترجمان ڈیرک او برین نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ بی جے پی دستوری بحران پیدا کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ مغربی بنگال کے ڈی جی پی ویریندرا اور اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر انوش شرما بھی راجیو کمار کے گھر پہونچ گئے ۔ جیسے کو تیسا اقدام کرتے ہوئے کولکتہ پولیس کے عہدیداروں کی ٹیم نے بھی سی بی آئی کے ہیڈکوارٹر اور سی جی او کامپلکس کا محاسبہ کرلیا ۔ بعد ازاں شام میں سنٹرل فورس سی بی آئی آفس کولکتہ پہونچ گئی جس کے بعد کولکتہ پولیس کا عملہ سی بی آئی ہیڈکوارٹر کے احاطہ کا تخلیہ کردیا ۔ ترنمول کانگریس نے کل پیر سے ریاست گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ دستور کے تحفظ کیلئے جاری لڑائی میں تمام اپوزیشن پارٹیوں نے ان کی تائید کی ہے اور اظہار یگانگت کرتے ہوئے مودی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ دہلی میں کانگریس نے کہا کہ کولکتہ میں سی بی آئی کی کارروائی سراسر وفاقی سیاست پر حملہ ہے ۔ سی بی آئی کے عبوری سربراہ نے کہا کہ کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کیخلاف ان کے پاس ثبوت موجود ہے ۔