کولکتہ پولیس کمشنر سے دوسرے دن بھی سی بی آئی پوچھ گچھ

   

ٹی ایم سی کے سابق رکن پارلیمنٹ بھی شیلانگ کے سی بی آئی دفتر میں حاضر

شیلانگ ۔ /10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ کے پولیس کمشنر راجیو کمار اور ترنمول کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ کونال گھوش کی ساردھا چٹ فنڈ اسکام کے ضمن میں سی بی آئی دفتر میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ سپریم کور ٹ کی ہدایات کے مطابق راجیو کمار سے سی بی آئی کی پوچھ گچھ دوسرے دن اتوار کو بھی جاری رہی ۔ سی بی آئی کے تین سینئر افسران نے ہفتہ کو ان سے تقریباً 9 گھنٹے تک پوچھ گچھ کرتے ہوئے اس کیس کے اہم ثبوت میں توڑ جوڑ میں ان کے رول کے بارے میں پتہ چلانے کی کوشش کی تھی ۔ ساردھا چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات کو سپریم کورٹ کی طرف سے سی بی آئی کے سپرد کئے جانے سے قبل مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کی طرف سے تشکیل شدہ خصوصی ٹیم کی قیادت راجیو کمار ہی کررہے تھے ۔ کونال گھوش جو 10 بجے دن کے کچھ دیر بعد یہاں پہونچے تھے ۔ سب سے پہلے سی بی آئی دفتر سے بمشکل 100 میٹر دور واقع پنڈال میں سرسوتی دیوی کے درشن کرتے ہوئے آشیرواد حاصل کیا ۔ بعد ازاں ارک لینڈ میں واقع سی بی آئی کے سخت ترین سکیورٹی کے حامل دفتر میں داخل ہوئے ۔ انہوں نے اندر داخل ہونے سے قبل اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’ مجھے کوئی تبصرہ کرنا نہیں ہے ۔ مجھ سے اس دفتر میں پہونچنے کی خواہش کی گئی تھی اور میں تحقیقاتی ادارہ سے تعاون کررہا ہوں اور اس کے مطابق سماعت کے لئے پہونچا ہوں ‘ ۔ ترنمول کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ کو ساردھا چٹ فنڈ کیس کے ضمن میں 2013 میں گرفتار کیا گیا تھا اور 2016 ء سے وہ ضمانت پر رہا ہیں ۔ سمجھا جاتا ہے کہ سی بی آئی ان سے راجیو کمار کے ساتھ پوچھ گچھ کرے گی ۔