کولکتہ کا آج راجستھان سے مقابلہ ، کامیابی دونوں کیلئے اہم

   

گوہاٹی: اپنی پچھلی ناکامیوں سے دباؤ میں آنے والی کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور راجستھان رائلز چہارشنبہکو گوہاٹی میں آئی پی ایل کے ایک اہم میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، جہاں وہ ہر پہلو میں تیزی سے بہتری لانے کی کوشش کریں گی۔ ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزکو رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ راجستھان رائلزکو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف 44 رنز سے شکست ہوئی۔ ان دونوں ٹیموں کی شکستوں میں ایک قدرِ مشترک یہ تھی کہ ان کی مضبوط بیٹنگ اور بولنگ یونٹس خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ راجستھان کی ٹیم یہ دلیل دے سکتی ہے کہ حیدرآباد کی بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر ان کی بولنگ ناکام رہی، لیکن کولکتہ کے پاس ایسا کوئی جواز نہیں۔ نائٹ رائیڈرزکے لیے سنیل نارائن کے علاوہ کوئی بھی بولر رائل چیلنجرزکے بیٹرس کو روکنے میں کامیاب نہ ہو سکا، اور ان کے ‘مسٹری اسپنر’ ورون چکرورتی کی کارکردگی بھی تشویش کا باعث بنی۔ ایڈن گارڈنزکی ایسی پچ پر جہاں گیند تھوڑا رْک کر آ رہی تھی، ورون کو فل سالٹ اور ویراٹ کوہلی نے آڑے ہاتھوں لیا۔ اب کے کے آر ٹیم امیدکر رہی ہے کہ گوہاٹی کی پچ جس میں عام طور پر تھوڑی مدد ہوتی ہے، وہاں چکرورتی اپنی فارم حاصل کر سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ کے کے آر ٹیم کے مینجمنٹ کی نظریں جنوبی افریقی فاسٹ بولر اینرچ نوکیا کی فٹنس پر بھی ہوں گی، جو کمر کی چوٹ سے صحتیاب ہو رہے ہیں۔ اگر نوکیا کو فزیوتھراپسٹ کی جانب سے اجازت مل جاتی ہے، تو وہ اسپینسر جانسن کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اسی طرح کے کے آر کی مڈل آرڈر بیٹنگ پچھلے میچ میں بری طرح ناکام رہا تھا۔ اگرچہ کپتان اجنکیا رہانے اور سنیل نارائن نے دھواں دار آغاز فراہم کیا، لیکن پوری ٹیم محدود ہوئی۔ ویبکنیٹیش ایر اور آندرے رسل جیسے تجربہ کار بیٹرس پہلے سے طے شدہ کراس بیٹڈ شاٹس کھیل کر جلدی آؤٹ ہوگئے۔ اب کے کے آر امید کرے گا کہ گوہاٹی میں ان کے بیٹرز زیادہ سمجھداری کا مظاہرہ کریں گے۔ کے کے آر کی ٹیم یہ بھی چاہے گی کہ ان کے جارحانہ بیٹر رِنکو سنگھ اپنی فارم دوبارہ حاصل کریں۔ وہ ٹیم کے لیے میچ فنشر کا کردار اداکر سکتے ہیں، لیکن حالیہ ٹی 20 فارمیٹ میں ان کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ ان کے آخری پانچ بین الاقوامی میچوں میں اسکورکچھ یوں رہے: 11، 9، 8، 30، 9، اور آئی پی ایل کے پہلے مقابلے میں 12 رنز۔ دوسری جانب راجستھان کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر کے لیے یہ میچ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا موقع ہوگا۔ انہوں نے پچھلے میچ میں سن رائزرز کے خلاف76 رنز دیے، جو آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی بولرکا سب سے مہنگا اسپیل ثابت ہوا۔ فاضل حق فاروقی اور مہیش تھیکشنا بھی ٹریوس ہیڈ اور ایشان کشن کی جارحانہ بیٹنگ کے آگے بے بس نظر آئے۔ لیکن اب ان کے پاس گوہاٹی میں اپنی غلطیوں کو درست کرنے کا موقع ہے۔