کولکتہ کی دمدم سنٹرل جیل میں پولیس اور قیدیوں میں تصادم

   

کورونا وائرس وبا سے بچنے رشتہ داروں سے ملنے پر پابندی سے قیدی برہم

کلکتہ21مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کورونا کی دہشت کے درمیان آج صبح دمدم سنٹرل جیل میں قیدیوں اور پولس کے درمیان خوفناک تصادم سامنے آیاہے ۔دراصل کورونا وائرس کی وجہ سے جیل انتظامیہ نے قیدیوں کو رشتہ داروں سے ملاقات کرنے پر روک لگادی تھی اس کی وجہ سے آج صبح سے قیدی احتجاج کررہے تھے ۔جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں نے جیل کے ایک بڑے حصہ کواپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ جیل کے اندر آگ لگادی، کچھ قیدیوں نے سیڑھی کے ذریعہ فرار ہونے کی بھی کوشش کی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ جھڑپ کے دوران کوئی فرار ہوا ہے یا نہیں۔جیل کو کنٹرول کرنے کیلئے پولس اہلکاروں کو جیل میں داخل ہونا پڑا۔کچھ قیدیوں نے گیس سلینڈر میں آگ لگانے کی بھی کوشش کی اس کی وجہ سے صورت حال دھماکہ خیز ہوگیا تھا۔حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے پولس کو قیدیوں پر لاٹھی چارج بھی کرنی پڑی۔ قیدیوں کو کوڈ و۔19 وائرس سے متاثر ہونے سے بچانے کے لئے ،ریاستی محکمہ جیل نے عارضی طور پرقیدیوں کی اپنے اہل خانہ سے ملاقات پر روک لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔جیل ذرائع کے مطابق دمدم سنٹرل جیل وارڈ نمبر 4 میں قیدیوں نے رشتہ داروں سے ملاقات سے روک دئیے جانے سے ناراض ہوکر صبح سے ہی احتجاج کرنے لگے تھے ۔جیل سپرنڈنٹ نے قیدیوں سے بات چیت کرکے مسئلہ کو سلجھانے کی کوشش کی۔قیدیوں کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے سزا یافتہ قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیاہے تو انڈر ٹرائل قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے ۔جب جیل سپرنڈنٹ نے اس مطالبے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تو قیدیی تشدد پر اتر آئے اور اس کے بعد حالات ہنگامہ خیز ہوگئے ۔قیدیوں نے الزام عاید کیا ہے کہ باہر سے آئے پولس اہلکاروں نے قیدیوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر مارپیٹ کی ہے ۔جیل میں آگ لگنے کے بعد ریاستی وزیر سوجیت باسو موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔جیل انتظامیہ نے کہا کہ قیدیوں نے بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی ہے ۔وارڈ کے گیٹ کو توڑ دیا گیا ہے ،فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا ہے ۔