کولکاتا : مغربی بنگال میں کولکاتا کے نیتا جی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندرون آج شام آگ بھڑک اٹھی ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے تین فائرانجنوں کو طلب کرنا پڑا ۔ آتشزدگی کا واقعہ رات 9:10 بجے ڈپارچر لاؤنچ کے ڈیپورٹل ایریا میں پیش آیا ۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں مسافرین اپنے بورڈنگ پاس حاصل کرنے جمع ہوتے ہیں ۔ سیکورٹی چیک پوائنٹ کے کچھ حصے کو بھی آگ نے لپیٹ میں لیا ۔ مسافروں اور ایئرلائنز کے عملہ کو فوری طور پر وہاں سے بحفاظت ہٹالیا گیا ۔ تادم تحریر کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ البتہ ایئرپورٹ کے انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے ۔آتشزدگی کے سبب کا فوری پتہ نہیں چلا اور تحقیقات جاری ہے ۔