کولکتہ۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے چہارشنبہ کے دن کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے سابق میربلد ساون چٹرجی اور ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان اپروپا پوڈڈار کی آواز کے نمونوں کی جانچ کی۔ یہ جانچ نواڈا رشوت ستانی کیس کے خلاف کارروائی کے ضمن میں کی گئی۔ یہ بات سی بی آئی کے بض ذریعوں نے بتائی۔ چٹرجی نے حال ہی میں بی جے پی میں شرکت کرلی ہے اور پوڈار ترنمول کانگریس کے قائدین اور ان وزراء میں شا مل ہیں جنہیں سی بی آئی نے آواز کی جانچ کے لیے طلب کیا تھا۔ ٹی ایم سی کی رکن پارلیمان اپروپا پوڈڈار آرام باغ سے رکن پارلیمان منتخب ہوئی تھیں۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ ان پر انسداد رشوت ستانی ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا۔ مذکورہ ذرائع کے بموجب سی بی آئی 2016ء کے اسمبلی انتخابات سے قبل جو ویڈیو اپروپا اور ساون چٹرجی کے خلاف گشت کررہا تھا اس کی سچائی کا پتہ چلانے کے لیے اس نے ان کی آواز کے نمونے طلب کیے تھے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں سی بی آئی نے ٹی ایم سی کے کئی وزراء اور قائدین کی آواز کے نمونوں کی جانچ کی جن میں سبراتا مکرجی، سوگوتارائے اور مدن مترا شامل ہیں۔ سی بی آئی کو ویڈیو میں جن لوگوں کو بتایا گیا ہے ان کی شناخت مشکل نظر آرہی ہے اس لیے مشتبہ لوگوں کی آوازوں کی جانچ کی جارہی ہے۔