کولکتہ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ پولیس کے سابق کمشنر راجیو کمار کئی کروڑ روپیوں کے سردھا اسکام کے سلسلے میں سی بی آئی کے روبرو حاضر ہوئے۔ اس اسکام میں سینکڑوں چھوٹے چھوٹے سرمایہ کاروں کا سرمایہ ڈوب گیا اور یہ لوگ جگہ جگہ چکراتے رہ گئے۔ کمار حالیہ عرصہ تک سی آئی ڈی کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔ جاریہ سال فروری میں شیلانگ میں سی بی آئی کے عہدیداروں نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر پوچھ گچھ کی تھی۔ سپریم کورٹ نے کمار کو سی بی آئی سے تعاون کرنے کو کہا تھا۔ گزشتہ ماہ سی بی آئی نے کمار کی تلاش کی نوٹس جاری کردی تھی اور ملک کے تمام ایرپورٹس اور ایمگریشن حکام کو بھی چوکس کردیا گیا تھا۔ کمار حال ہی میں کولکتہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے تھے تاکہ سی بی آئی کی نوٹس کو کالعدم قرار دیا جاسکے اور 10 جولائی تک سی بی آئی کارروائی سے تحفظ مل سکے۔ رواں سال اپریل میں سی بی آئی نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ کمار تحقیقات میں اس کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں اس لئے انھیں تحویل میں لینے کی اجازت دی جائے۔
