مانکیم ٹیگور سے رپورٹ طلب، حضورآباد کی شکست کا جائزہ لینے کمیٹی کا قیام
حیدرآباد۔4۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے پارٹی میں ڈسپلن شکنی کے خلاف سخت کارروائی کا اشارہ دیا ہے۔ کومٹ ریڈی برادرس کی جانب سے پارٹی اور قیادت کے خلاف مسلسل بیان بازی پر انچارج سکریٹری مانکیم ٹیگور سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ حضور آباد ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم اور پھر نتیجہ کے اعلان کے بعد رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے جس طرح مخالف پارٹی بیان دیا ہے، اس پر مانکیم ٹیگور نے ناراضگی کا اظہار کیا ۔ گزشتہ تین ماہ سے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور ان کے بھائی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں اور اجلاسوں میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں۔ پولیٹیکل افیرس کمیٹی نے دونوں بھائی بحیثیت رکن شامل کئے گئے لیکن ایک بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ راج گوپال ریڈی نے یہاں تک کہہ دیا کہ کمیٹی کی رکنیت کے بارے میں ان سے اجازت حاصل نہیں کی گئی۔ وینکٹ ریڈی نے حضور آباد میں کانگریس کی جانب سے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر کی بالواسطہ تائید کا بیان دیتے ہوئے پارٹی کو دفاعی موقف میں کھڑا کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گاندھی بھون میں منعقدہ پولیٹیکل افیرس کمیٹی کے اجلاس میں کئی قائدین نے کومٹ ریڈی برادرس کے رویہ پر تنقید کی ۔ بعض قائدین نے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ کو کومٹ ریڈی برادرس سے بات چیت کے لئے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی لیکن مانکیم ٹیگور نے اسے قبول نہیں کیا۔ ریونت ریڈی نے اس بات پر ناراضگی جتائی کہ ان کے خلاف شخصی الزام تراشی کے باوجود پارٹی کے سینئر قائدین کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ کمیٹی میں سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی کی شمولیت کی تجویز کو بھی قبول نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حضور آباد کی شکست کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے علحدہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان کے ناموں کا جلد اعلان کیا جائے گا ۔ یہ کمیٹی پارٹی امیدوار اور حضور آباد کے قائدین سے ملاقات کرے گی اور شکست کی وجوہات کے بارے میں رپورٹ کے علاوہ پارٹی کے استحکام کے لئے تجاویز پیش کرے گی۔ر