کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی بی جے پی کو فروخت، ریونت ریڈی

   


ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کی ناکامیوں اور دھوکہ دہی پر چارج شیٹ جاری

حیدرآباد ۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے اسمبلی حلقہ منگوڈ میں پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کے بعد ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ناکامیوں اور دھوکہ دہی کے خلاف تلنگانہ کانگریس کی چارج شیٹ جاری کیا اور اپنے آپ کو فروخت کردینے والے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو سبق سکھانے کی اسمبلی حلقہ منگوڑ کے عوام سے اپیل کی۔ اے ریونت ریڈی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کو مفادپرست جماعتیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ رضاکاروں کے خلاف جدوجہد میں بی جے پی کہاں تھی بی جے پی سے استفسار کیا اور ٹی آر ایس سے سوال کیا کہ اس کے قیام کے کتنے سال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک کو انگریزوں کے چنگل سے آزاد کرایا۔ ملک کے پہلے وزیراعظم نہرو اور سردار پٹیل نے حیدرآباد کا ہندوستانی مملکت میں انضمام کیا۔ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا۔ انہوں نے 17 ستمبر کا ایک سال تک جشن منانے کی اپیل کی۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر پر گذشتہ 8 سال کے دوران حیدرآباد کے انضمام کو اہمیت نہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ کانگریس پارٹی چاہتی کہ سماج کے تمام طبقات متحد رہے۔ 8 سال تک کے سی آر کس کے دباؤ کا شکار تھے۔ تلنگانہ کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں اہل افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات حاصل نہیں ہوئے۔ دلتوں کو تین ایکر اراضی حاصل نہیں ہوئی۔ لہٰذا چیف منسٹر کے سی آر وعدوں کی عدم تکمیل پر عوام سے معذرت خواہی کریں۔ اسمبلی حلقہ منگوڑ کی ترقی کیلئے کوئی فنڈز جاری نہیں ہوئے مگر فروخت ہونے والے اور دھوکہ دینے والوں کو فنڈز حاصل ہوئے ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منگوڑ کانگریس کا طاقتور گڑھ ہے اور کانگریس پارٹی کو شکست دینے کی کسی بھی پارٹی کے پاس طاقت نہیں ہے۔ کانگریس کو دھوکہ دینے والے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی بی جے پی کو فروخت ہوگئے ہیں۔ن