حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹکنالوجی کو ٹائر II شہروں میں وسعت دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو کھمم میں ایک آئی ٹی ٹاور کا افتتاح کرنے کے علاوہ جلد ہی میڑچل ، ملکاجگیری ڈسٹرکٹ میں کوم پلی میں آئی ٹی ہب کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ گروتھ ان ڈسپرشن (GRID) کیلئے زبردست ردعمل ہور ہا ہے ۔ جس پر گریٹر حیدرآباد بالخصوص ناچارم اوراپل انڈسٹرئیل ایریاز میں ترقی کیلئے توجہ دینے کی تجویز ہے ۔ کے ٹی آر تقریباً ایک ماہ کے وقفہ کے بعد اب اپنی معمول کی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں اور کل عہدیداروں کے ساتھ آئی ٹی اور بزنس میں آسانی پیدا کرنے کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ورنگل ، کھمم اور محبوب نگر میں آئی ٹی کو وسعت دینے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دو کمپنیوں نے دوسرے مرحلہ میں ورنگل میں ان کے شاپ قائم کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹرئیل انفراسٹچر کارپور یشن ورنگل میں آئی ٹی ٹاور پر انفراسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کیلئے انتظام کرے گا ۔ انہوں نے اس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر نرسمہا ریڈی کو ہدایت دی کہ کوم پلی میں آئی ٹی پارک کیلئے حصول اراضی کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے جہاں محکمہ مال کی جانب سے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور سنگ بنیاد رکھنے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔