حیدرآباد۔/20جنوری، ( سیاست نیوز) سائبر آباد کے علاقہ کوم پلی میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں انجینئرنگ کا طالب علم ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 22 سالہ کے بالراج متوطن ضلع کھمم پیٹ بشیرآباد میں واقع سی ایم آر انجینئرنگ کالج کا سال دوم کا طالب علم تھا ۔ بالراج آج صبح اپنی پلسر موٹر سیکل پریاپرال سے گنڈی میسماں جارہا تھا کہ تیز رفتار ڈی سی ایم ویان نے اسے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں بالراج برسر موقع ہلاک ہوگیا اور مصروف ترین کوم پلی علاقہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس پیٹ بشیرآباد اے سرینواس راؤ نے کہا کہ انجینئرنگ طالب علم سرینواس کو ڈی سی ایم ڈرائیور نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹکر دے دی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے طالب علم کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور خاطی ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔