کونسل الیکشن سے عین قبل 3 روزہ عام تعطیلات سے امیدواروں کو پریشانی

   


رائے دہی میں کمی کا اندیشہ، گھر گھر پہنچ کر انتخابی مہم
حیدرآباد۔ گریجویٹ کونسل نشستوں کے انتخابات میں قسمت آزمائی کرنے والے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کیلئے رائے دہی سے عین قبل سرکاری تعطیلات نے تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔ 14 مارچ کو رائے دہی سے قبل ریاستی حکومت کی تعطیلات آرہی ہیں۔ حکومت کی فہرست کے مطابق 11 مارچ کو مہا شیوراتری اور 12 مارچ کو شب معراج ہے۔13 مارچ دوسرا ہفتہ ہے جبکہ اتوار 14 مارچ کو رائے دہی مقرر ہے۔ رائے دہی سے قبل مسلسل تین دن کی تعطیلات سے سیاسی جماعتوں کو اندیشہ ہے کہ رائے دہی کا فیصد متاثر ہوگا۔ عام طور پر طلبہ ، اساتذہ اور سرکاری ملازمین مسلسل تین چار دن کی تعطیلات میں اپنے آبائی مقامات یا پھر تفریحی مقامات روانہ ہوجاتے ہیں۔ عام انتخابات کے دوران بھی تعطیلات کے سبب رائے دہی کا فیصد کم درج کیا گیا تھا۔ سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ تاریخ کے تعین کے سلسلہ میں کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت نہیں کی جس کے نتیجہ میں تعطیلات سے مربوط تاریخ طئے کردی گئی۔ گریجویٹ طلبہ چاہے ان کا تعلق سرکاری شعبہ سے ہو یا غیر سرکاری اداروں سے وابستہ ہوں وہ مسلسل چار دن کی تعطیلات سے ضرور استفادہ کریں گے اور رائے دہی کے بارے میں دلچسپی کم ہوجائے گی۔ بیشتر طلبہ تعلیم کیلئے اپنے مواضعات سے شہر کا رُخ کرتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تعطیلات کے باوجود رائے دہی کیلئے موجود رہنے کی خواہش کررہے ہیں۔ اسی دوران چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں مشورہ دیا کہ فہرست رائے دہندگان کے مطابق رائے دہندوں سے ربط قائم کیا جائے۔ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے گھر گھر مہم چلائی جارہی ہے۔