کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، چیف الیکشن کمشنر سے کانگریس کی شکایت

   

حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ گریجویٹ کونسل نشستوں کے انتخابات کے دوران ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ اور سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیشن رنجن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر سنیل ارورہ کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کو سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن کی جانب سے بیسٹ فارمنگ آئی ٹی منسٹر کا ایوارڈ حوالے کیا گیا ۔ چند دن قبل ایک خانگی ادارہ کی جانب سے ایوارڈ کا اعلان کیا گیا تھا ۔ جیش رنجن شخصی طور پر چیف منسٹر کی سرکاری قیامگاہ پہنچے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ کو ایوارڈ پیش کیا۔ کانگریس کے مطابق گریجویٹ رائے دہندوں پر اثر اندازہونے کے لئے ایوارڈ پیش کیا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ انتخابی مہم میں اہم رول ادا کر رہے ہیں ، ایسے میں انہیں ایوارڈ کی پیشکشی گریجویٹ رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کی جانب راغب کرنے کی کوشش کے سواء کچھ نہیں ہے۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ ریاستی وزیر اور سکریٹری آئی ٹی کے خلاف کارروائی کی جائے ۔