۔65 سال کے باوجود عہدہ پر برقراری کو چیلنج، دو ہفتوں میں وضاحت طلبی
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس ابھینند کمار شاولی نے صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ٹی پاپی ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا ہے کہ اندرون دو ہفتے اس بات کی وضاحت کریں کہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن قانون میں درج کی گئی عمر کی حد سے تجاوز کے باوجود وہ کس طرح صدرنشین کے عہدہ پر برقراری کے اہل ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر وجئے کمار نے عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے پاپی ریڈی کو کونسل کے صدرنشین کے عہدہ پر برقرار رکھنے کے فیصلہ کو چیلنج کیا۔ عدالت نے پاپی ریڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ وہ کس طرح کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین کے عہدہ کیلئے اہل ہیں۔ عدالت نے حکومت ، کونسل فار ہائیر ایجوکیشن اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کی اور اس مسئلہ پر موقف کی وضاحت طلب کی۔ سینئر کونسل ستیم ریڈی نے درخواست گذار کی جانب سے عدالت کو بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کونسل ایکٹ کے تحت 65 سال تک عمر کے افراد صدرنشین کے عہدہ پر برقراری کے اہل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری احکامات قانون پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاپی ریڈی کی عمر 65 سال سے تجاوز کے باوجود انہیں صدرنشین کے عہدہ پر توسیع دے رہی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت دو ہفتوں کے بعد مقرر کی ہے۔