کونسل کیلئے ایک اور پرچہ نامزدگی داخل

   

Ferty9 Clinic

سکھیندر ریڈی کے بلا مقابلہ انتخاب کا امکان برقرار
حیدرآباد۔14اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار جی سکھیندر ریڈی کے خلاف آج ایک غیر معروف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص بی کوئیلکر نے پرچۂ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ تلنگانہ قانون سازکونسل کی مخلوعہ نشست جو کہ ارکان اسمبلی کے زمرہ میں ہے اورکے یادو ریڈی کو نا اہل قرار دیئے جانے کے سبب مخلوعہ ہے اس نشست کے لئے ریاستی الکٹورل آفیسر نے اعلامیہ جاری کیا تھا اور آج پرچۂ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ تھی لیکن کسی بھی سرکردہ سیاسی جماعت کے امیدوار نے اس نشست پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدوار کے خلاف کوئی پرچۂ نامزدگی داخل نہیں کیا لیکن آج دن میں مسٹر بی کوئیلکر نے شراماجیوی پارٹی کے بی فارم کے ساتھ اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا لیکن کہا جا رہا ہے کہ 16اگسٹ کو ہونے والی تنقیح کے دوران ان کا یہ پرچۂ نامزدگی نامکمل رہے گا اور اسے مسترد کردیا جائے گا اس کے بعد جی سکھیندر ریڈی کے انتخاب کیلئے کوئی رائے دہی کی ضرورت باقی نہیں رہے گی اور وہ بلا مقابلہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست کے لئے منتخب قرار پائیں گے۔

ایس ایس سی و انٹر میڈیٹ اوپن اسکول امتحانات
حیدرآباد۔14اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ اوپن اسکول پبلک اگزامینیشن برائے ایس ایس سی و انٹر میڈیٹ کے امتحانات جاریہ سال اکٹوبر میں امتحانات کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔ ان امتحانات میں شرکت کیلئے خواہشمند 16تا26اگسٹ کے دوران بغیر کسی جرمانہ کے فیس داخل کرسکتے ہیں۔27اگسٹ تا3ستمبر 25روپئے معہ دیرینہ جرمانہ فیس داخل کی جاسکتی ہے جبکہ 4ستمبر تا11ستمبر50روپئے جرمانہ کے ساتھ فیس داخل کی جاسکتی ہے۔ ایس وینکٹیشورا شرما ڈائریکٹر تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی نے آج جاری کردہ اعلامیہ میں یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ امتحان میں شرکت کے خواہشمند طلبہ کو لازمی ہے کہ وہ چالان کے ذریعہ ہی فیس ادا کریں ڈیمانڈ ڈرافٹ کے ذریعہ داخل کی جانے والی فیس قابل قبول نہیں ہوگی۔