سکھیندر ریڈی کے بلا مقابلہ انتخاب کا امکان برقرار
حیدرآباد۔15اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار جی سکھیندر ریڈی کے خلاف آج ایک غیر معروف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص بی کوئیلکر نے پرچۂ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ تلنگانہ قانون سازکونسل کی مخلوعہ نشست جو کہ ارکان اسمبلی کے زمرہ میں ہے اورکے یادو ریڈی کو نا اہل قرار دیئے جانے کے سبب مخلوعہ ہے اس نشست کے لئے ریاستی الکٹورل آفیسر نے اعلامیہ جاری کیا تھا اور آج پرچۂ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ تھی لیکن کسی بھی سرکردہ سیاسی جماعت کے امیدوار نے اس نشست پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے امیدوار کے خلاف کوئی پرچۂ نامزدگی داخل نہیں کیا لیکن آج دن میں مسٹر بی کوئیلکر نے شراماجیوی پارٹی کے بی فارم کے ساتھ اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا لیکن کہا جا رہا ہے کہ 16اگسٹ کو ہونے والی تنقیح کے دوران ان کا یہ پرچۂ نامزدگی نامکمل رہے گا اور اسے مسترد کردیا جائے گا اس کے بعد جی سکھیندر ریڈی کے انتخاب کیلئے کوئی رائے دہی کی ضرورت باقی نہیں رہے گی اور وہ بلا مقابلہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی مخلوعہ نشست کے لئے منتخب قرار پائیں گے۔
